حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کانبر آسٹریلیا/ بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی ملٹن کونسل کے ممبر اور شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے مختلف مذاہب کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اتحاد اخوت کو فروغ دینا ہر مذہب کے رہنماؤں کی اخلاقی ذمہ داری ہے تاکہ عوام کے آپس میں دلوں کو جوڑا جا سکے۔
علامہ موصوف نے کہا کہ تمام مذاہب کا ایک ہی ہدف ہے کہ معاشرے سے برائیوں کا خاتمہ ہو، اگر عوام کے دل ایک دوسرے سے دور ہیں اور تنگ نظری پائی جاتی ہے تو اس کے ذمہ دار ہر مذہب کے علماء ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کی عملی تصویر ایران میں پائی جاتی ہے کیونکہ امام خمینی رح نے تمام مذاہب کے دلوں کو جوڑنے کے لیے اور امت واحدہ کے لیے جدو جہد کے تھی اس کے ثمرات پوری دنیا میں نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے ایسی ملاقاتوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب مختلف مذاہب کے رہنما ملتے ہیں تو عوام اور معاشرے میں پیار محبت اخوت کے جذبات بڑھنے اور قربتوں کا سبب بنتی ہیں اور تفریق کرنے والوں قوتوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔