۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
علامہ راجہ ناصر

حوزہ/ سربراہ مجلس وحدت المسلمین پاکستان نے کہا کہ عرب ریاستوں کو چاہیئے کہ وہ منافقانہ طرز عمل ترک کر کے عالم اسلام کا ساتھ دیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایران کے نامور جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کو اسرائیل اور امریکہ کی مذموم کاروائی قرار دیا ہے۔انہوں نے دہشتگرد صہیونی آلہ کاروں کی اس بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل جس آگ سے کھیل رہا ہے وہ بہت جلد اس کے اپنے دامن سے لپٹ جائے گی۔ایران کی اہم ترین شخصیت کو نشانہ بنایا جانا بدترین جارحیت اور ریاست کے داخلی معاملات میں مداخلت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل،امریکہ اور عرب ریاستیں خطے کے امن کو تباہ کرنے پر تُلی ہوئی ہیں۔یہ شیطانی اتحاد اپنی سالمیت و بقا کی جنگ دوسروں کے کندھے پر سوار ہو کر لڑنا چاہتا ہے۔خود کو سپر پاور قرار دینے والی طاقتیں اندر سے کھوکھلی ہوتی جارہی ہیں۔امریکہ اقتصادی اعتبار سے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے۔اسرائیل کی غاصب ریاست کا خاتمہ ایک اٹل حقیقت ہے جو بہت جلد پوری ہو کر رہے گی۔

انہوں نے کہا کسی بھی ملک میں دہشت گردی کا مطلب اسے اپنے خلاف لڑنے پر آمادہ کرنا ہے۔اسرائیل اور امریکہ عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ساری دنیا پر حکمرانی کرنے کے خواب کی تعبیر یہود ونصاری کے لیے انتہائی بھیانک ہو گی۔تاریخ شاہد ہے کہ ظالموں کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوتا آیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عرب ریاستوں کو چاہیئے کہ وہ منافقانہ طرز عمل ترک کر کے عالم اسلام کا ساتھ دیں۔کلمہ گو کبھی توحید کے دشمنوں کی طرف دوستی کا ہاتھ نہیں بڑھا سکتا۔جو مسلمان حکمران امت مسلمہ کے مقابلے میں یہود ونصاری کو اپنا دوست سمجھتے ہیں وہ قیامت کے روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا سامنا کس منہ سے کریں گے۔دنیا حق و باطل کے دو گروہوں میں تقسیم ہو رہی ہے۔ باطل سرنگوں اور حق فتح یاب ہو کر رہے گا یہ خدا کا وعدہ ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .