۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
جوہری سائنسدان شہید محسن فخری زادہ کے بہیمانہ قتل کے خلاف کشمیر میں احتجاج

حوزہ/ آغا سید عابد رضوی نے دوران احتجاج کہا کہ شہید محسن فخری زادہ کو قتل کرنے سے سائنس اورٹیکنا لوجی کا باب بند نہیں ہوگا،گھر گھر سے محسن نکلے گا ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمہوری اسلامی ایران کے مایہ ناز دانشور،دفاعی و جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کے بہیمانہ قتل کے خلاف وادی کے مذہبی انجمنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا ۔اس سلسلے میں وسطی کشمیر کے ضلع سرینگر اور بڈگام کے علاوہ شمالی و جنوبی کشمیر کے مساجدوں میںنماز جمعہ کے بعد اور نماز جمعہ کے دوران غاصب اسرائیل کے خلاف زوردار احتجاج کیا گیا۔

سرینگر کے آبی گزر لال چوک میں مسجد صاحب زمان میں بھی اس بزدلانہ حرکت کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔ مقامی صحافی مجتبیٰ شجاعی سے بات کرتے ہوئے امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید عابد رضوی نے کہا کہ ملت کشمیر اسرائیل کی اس گھناونی اور بزدلانہ حرکت کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غاصب اسرائیل کے ساتھ تمام طر ح کے تعلقات منقطع کریں ۔

انہوں نے کہا کہ شہید محسن فخری زادہ کو قتل کرنے سے سائنس اورٹیکنا لوجی کا باب بند نہیں ہوگا نہ ہی خطے میں ایران کی پیشرفت پر کوئی اثر پڑ سکتا ہے بلکہ شہید فخری زادہ کا لہو مقدس رنگ لائے گا اور جمہوری اسلامی ایران کے گھر گھر سے لاکھوں فخری زادہ جنم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کرہ ارض پر ناسور اور بدترین دہشتگرد ہے اس دہشتگرد کو قابو میں کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سرد مہری قابل تشویش ہیں ۔

کشمیر کے برجستہ عالم دین نے کہا کہ ملت کشمیر کی جانب سے رہبر معظم انقلاب اسلامی ،مرحوم کے خانوادہ اور دیگر تمام فوجی سربراہوں کو تعزیت و تسلیت پیش کی اور کہا کہ ملت کشمیر ایران کے ساتھ تھے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔

درایں اثناء سرینگر کے مضافات جامعہ امام رضا گنڈ حسی بٹ میں بھی شہید محسن فخری زادہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اور اسرائیل کی دہشتگردی کی کھل کر مذمت کی گئی ۔ادھر حسن آباد اور بڈگام میں بھی انجمن شرعی شیعان کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے ہوئے مظاہرین نے شہیدمحسن فخری زادہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے غاصب و جابر اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے ۔

مظاہرین نے اقوام متحدہ سے اسرائیل کی نابودی کا مطالبہ کیا ۔ادھر ماگام ،نوگام ،سوناواری اور ہانجی ویرہ سمیت درجنوں علاقوں میں نماز جمعہ کے دوران شہید محسن فخری زادہ کے قتل کے خلاف احتجاج ہوا اس دوران اسرائیل مردہ باد امریکہ مردہ باد ،اﷲ اکبر خامنہ ای رہبر کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .