حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت اور یوم نرس کے موقع پر حوزہ علمیہ کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی کے تبریک و تہنیت کے پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
وَیُؤْثِرُونَ عَلَی أَنْفُسِهِمْ وَلَوْ کَانَ بِهِمْ خَصَاصَةٌ (حشر/9)
اور وہ خود پر ان سب کو مقدم رکھتے ہیں ، حالانکہ وہ خود ہی بہت ضرورت مند ہیں۔
5 جمادی الاول ، کربلا کی فاتح اور فدا کار خاتون حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی ولادت با سعادت اور یوم نرس کی مناسبت سے تمام مسلمانوں خصوصاً نرسوں اور بے لوث خدمات انجام دینے والے طبی عملوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
حضرت زینب (س) جنہوں نے مکتب امیر مومنین علی (ع) اور حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی گود سے علم ،عقلانیت اور زندگی کے اعلی ترین درس حاصل کیا نیز ، کچھ سالوں تک آپ (س) نے اپنے جد امجد حضرت پیغمبرِ اسلام (ص) سے کسب فیض کیا،انہوں نے تحریک حسینی کو زندہ و جاوید رکھنے کیلئے بے پناہ قربانیاں پیش کرتے ہوئے اس تحریک کی تبلیغ اور تحفظ کے اپنے عظیم مشن کو پورا کیا ، یہاں تک کہ امام سجاد علیہ السلام نے آپ کے بارے میں فرمایا: «اَنْتِ بِحَمدِ اللّهِ عالِمَةٌ غَیرَ مُعَلَّمَة وَ فَهِمَةٌ غَیرَ مُفَهَّمَة».
حضرت زینب (س) پوری انسانیت کے لئے ایک بہترین نمونہ ہیں اور ان کا نورانی وجود انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں میں دانشمندانہ اور عالمانہ طرز عمل پر سعادت مندانہ اور اچھی زندگی کی بشارت دیتا ہے۔
یہ بابرکت دن تمام حوزہ ہائے علمیہ ، عہدیداروں و خصوصاً طبی عملہ اور جذبے سے سرشار نرسوں کے لئے ایک اہم مقام ہے ،کہ عقیلہ بنی ہاشم حضرت زینب (س) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے لوگوں کی خالصانہ رضا کارانہ اور دانشمندانہ خدمت کرتے ہیں اور منافع خوری ، خود پسندی ، کاہلی اور بے بصیرتی سے بچنے کے ساتھ ، عدل و ترقی کے حصول کی طرف موثر اقدامات اٹھائے ہوئے انقلاب اسلامی کو اعزاز کی بلندیوں تک پہنچایا۔ چنانچہ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا : ہم نے جہاں بھی انقلابی اقدام کیا وہاں ہمیں ترقی ہوئی اور جہاں بھی ہم انقلاب اور جہادی تحریک سے غافل ہوئے وہاں ہمیں نہ صرف ترقی نہیں ہوئی بلکہ ہم ناکام ہوگئے۔
علی رضا اعرافی
قم
سربراہ حوزہ ہائے علمیہ