حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمہوریہ اسلامی ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایک بیان میں پاکستان میں داعش دہشت گردوں کے ہاتھوں 11 شیعہ کان کنوں کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کے متاثرین کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو مختلف مذاہب اور عقائد کے بے گناہ افراد کے خلاف تشدد کے خاتمہ کے مقصد کے لیے بعض ممالک کی جانب سے تکفیری گروہوں کی حمایت کے تسلسل کو روکنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے تمام ملکوں کو چاہئے کہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں، تکفیری دہشت گرد گروہوں اور ان کی فنڈنگ کا سد باب کئے جانے پر توجہ دیں۔
اور مختلف مذاہب و ادیان کے بے گناہ انسانوں کے خلاف ظلم و تشدد کا خاتمہ کرنے کی غرض سے خاص ملکوں کی جانب سے ان گروہوں کی حمایت و ان کی فنڈنگ کی روک تھام کرنے کی کوشش کریں۔
واضح رہے کہ داعش دہشتگرد گروہ نے اتوار کے روز پاکستان کے علاقہ ہزارہ میں شیعہ کان کنوں پر حملہ کر کے 11 افراد کو شہید کردیا تھا جسکی عالمی طور پر مذمت کی جا رہی ہے اور حکومت پاکستان سے اس طرح کہ عناصر کو جڑ سے ختم کیۓ جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔