حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روضہ امام رضا علیہ السلام کے پبلیکیشنز " بہ نشر " نے گزشتہ دو برسوں سے اب تک ایک سو سینتالیس دینی کتب اور قرآن مجید کی طباعت کی ہے جس میں مفاتیح الجنان ، نہج البلاغہ، صحیفہ سجادیہ اور منتخب دعاؤں کی کتابیں شامل ہیں ۔
بہ نشر کے پروڈکشن مینیجر نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ " بہ نشر " امام رضا علیہ السلام کے زائروں کے لئے قرآن مجید ، مفاتیح الجنان ، نہج البلاغہ ، صحیفہ سجادیہ ، منتخب ادعیہ اور زیارات کی کتب بہترین رنگ و جلد کے ساتھ چھاپنے میں کامیاب رہا ہے اسی طرح مختلف زیارتوں اور دعاؤں کی کتب کی طباعت فارسی ، اردو اور عربی زبانوں میں بھی کی گئي ہے ۔
سید احمد میرزادہ نے کہا کہ " بہ نشر " نے اپنے مخاطبین کی عمر کو مد نظر رکھ کر طہ عثمان کی کتابت اور استاد انصاریان کے ترجمہ والے قرآنی نسخے چھاپے ہيں جو مختلف سائزوں اور جلدوں کے ساتھ چھاپے گئے ہیں ۔
استاد نی ریزی کی کتابت
بہ نشر کے پروڈکشن منیجر استاد احمد نی ریزی نے بتایا کہ کی کتابت کے ساتھ بھی قرآن مجید کا ایک خاص نسخہ طباعت سے آراستہ کیا گیا ہے ۔ میرزا احمد نی ریزی جنہیں سلطانی کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے، بارہویں صدی ہجری قمری کے معروف کاتبوں میں سمجھے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کتابت کی خاص روش بھی بنائي ہے جسے کاتبوں کے درمیان پسند کیا جاتا ہے ۔ اسے " ایرانی نسخ " خط کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ اس بات کے پیش نظر نیز ایرانی کتابت کے سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی کی سفارشات کی وجہ سے " بہ نشر " نے استاد نی ریزی کی کتابت کے ساتھ قرآن مجید کے نسخے کی طباعت و اشاعت کا فیصلہ کیا۔
احمد میرزادہ نے بتایا کہ منتخب ادعیہ اور زیارات ، شیخ عباس قمی کی مفاتیح الجنان سے ماخوذ دعاؤں اور زیارتوں پر مشتمل ہے اور انہیں " خدا سے رابطہ " اور " خدا سے مناجات " کے دو عناوین کے تحت شائع کیا گيا ہے ۔ " خدا سے رابطہ " عنوان کے تحت نمازوں ، دعاؤں اور مناجاتوں کو پانج جلدوں میں جبکہ " خدا سے مناجات " عنوان کے تحت اٹھائیس جلد شائع کی گئي ہیں ۔ ان سب کتابوں میں اس بات کی کوشش کی گئي ہے کہ مفاتیح الجنان کی زبان کو سادہ بنا کر موضوعات کے حساب سے چیزيں پیش کی جائيں یہی وجہ ہے کہ ہماری اس کوشش کا خیر مقدم کیا گيا ہے ۔
قمری مہینوں کی دعائيں اور اعمال
میر زادہ نے " قمری مہینوں کی دعائيں اور اعمال " عنوان کے تحت سات جلدوں پر مشتمل کتاب کی اشاعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں اب تک " ماہ محرم و صفر کی دعائيں " جمادی الاول اور جمادی الثانی کے اعمال اور دعائيں " ماہ رجب کے اعمال و دعائيں " ماہ شعبان کے اعمال اور دعائيں " مختلف سائزوں میں شائع ہو چکی ہیں اور شوال ، ذي القعدہ اور ذی الحجہ کی دعائيں اور اعمال کی کتابیں طباعت کے لئے تیار ہیں ۔
مرحوم رنانی اصفہانی کی کتابت میں قرآن مجید کی اشاعت
سید احمد میرزادہ نے بتایا کہ " بہ نشر " ہر سال قرآن مجید کا ایک خصوصی نسخہ زیور طبع سے آراستہ کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بارہویں تیرہویں ہجری صدی قمری کے معروف کاتب عبد اللہ رنانی اصفہانی کی کتابت والے قرآن مجید کی اشاعت کی تیاری ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اس کی خوبصورتی ، پڑھنے میں سہولت اور صفحہ آرائي پر خاص تعریف کی ہے اور آستان قدس رضوی نے اس کی اشاعت پر زور دیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ " مہد الرضا " میں زیر تعلیم طلبا کے لئے " بہ نشر " نے آستان قدس رضوی کے قرآن سینٹر کے تعاون سے قرآن کی تعلیم کو آسان بنانے کے لئے کئی کتب چھاپی ہیں جو مختلف عمر کے بچوں کے لئے مناسب ہيں ۔
انہوں نے اسی طرح بتایا کہ " شکوفہ ہائے رضوی " کے نام سے بھی کچھ کتب چھاپی گئی ہیں جو چار جلدوں پر مشتمل ہیں اور ان میں آیات ، روایات ، معصومین سے آشنائي اور شعر و پینٹنگ جیسے مختلف موضوعات کا ذکر ہے اور اسی طرح سے استاد محسنی کے تعاون سے بچوں کے لئے ورک بک بھی تیار کی جا رہی ہيں ۔
انہوں نے آخر میں بتایا کہ امام رضا علیہ السلام کی دعاؤں، زیارتوں، نمازوں، صلواتوں و اذکار، حرز اور مناجات پر مشتمل ایک کتاب طباعت و اشاعت کے لئے تیار کی جارہی ہے۔