۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
سید مسعود میریان

حوزہ/ آستان قدس رضوی کے علوم قرآنی سینٹر کے سربراہ نے بتایا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران اس سینٹر نے 35 ہزارطلباء کو قرآن مجید کی تعلیم دی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علوم قرآنی سینٹر کے سربراہ اور آستان قدس رضوی کے علوم قرآن کے ادارے کے ڈائریکٹر حجت الاسلام والمسلمین سید مسعود میریان نے، قرآن ٹی وی چینل سے براہ راست نشر ہونے والے پروگرام " مصباح " میں گفتگو کرتے ہوئے، ان تبدیلیوں کا ذکر کیا جو کورونا کے دوران میں امام رضا علیہ السلام کے روضے میں قرآنی پروگراموں میں لائي گئی ہیں اور کہا کہ اس دوران قرآنی مرکز کے پروگراموں کو سائبر اسپیس پر لایا گیا اور یہ عمل  کورونا کے بعد بھی جاری رہے گا۔

اسی طرح ان ایام میں امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے دار القرآن میں قرآن کی تعلیم کے پروگراموں میں بہت سے لوگوں نے حصہ لیا اور قرآنی کلاسیں کورونا کے دور میں سائبر اسپیس میں منعقد ہوئیں۔

قرآنی مشن "مجھے قرآن سے انسیت ہے"
حجت الاسلام میریان نے کہا کہ " مجھےقرآن سے انسیت ہے " کے عنوان سے جاری پروگرام، در اصل ایک قومی مشن ہے جس پر حرم امام رضا علیہ السلام کی طرف سے حضرت معصومہ قم، حضرت شاہچراغ ، حضرت شاہ عبد العظیم حسنی اور مسجد جمکران سمیت ملک کے دیگر مقدس مقامات میں ایک ساتھ عمل در آمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کے خاتمے پر آنلائن امتحان ہوگا اور پاس ہونے والوں کو سرٹیفیکٹ دیا جائے گا اور ہر ہفتے مقدس مقامات کی جانب سے شرکاء کو ایک کروڑ تومان کے انعامات دیئے جائيں گے۔

مہد الرضا میں 10 ہزار لوگوں کو قرآن کی تعلیم
حجت الاسلام والمسلمین سید مسعود میریان نے آستان قدس رضوی کے مہد الرضا قرآنی کلاسوں کے بارے میں بھی کہا کہ ہم نے گزشتہ برس پچیس ہزار سے زائد لوگوں کو چار سو ستر سے زائد مراکز میں ایک سو بیس کلاسوں   کے  ذریعے قرآن مجید کی تعلیم دی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رواں  سال میں بھی کورونا کی وجہ سے روایتی کلاسوں کی تعداد کم ہو گئي اور اس وقت مہد الرضا کی آن لائن قرآنی کلاسز میں تقریبا دس ہزار لوگ شرکت کر رہے ہيں۔

انہوں نے مہد الرضا قرآنی کلاسز میں رجسٹریشن کے بارے میں بتایا کہ مہد الرضا میں ہر سال آستان قدس رضوی کے قرآنی سینٹر کی ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے یہ خوشخبری بھی سنائي کہ جلد ہی آئي آر آئي بی کے قرآن و معارف  اور اسی طرح بچوں کے چینلوں کے تعاون سے مہد الرضا کا ٹی وی پروگرام بھی نشر ہونے لگے گا۔  انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام ستائيس تعلیمی نشستوں کی شکل میں تیار کیا گیا ہے جسے جلد ہی نشر کیا جانے لگے گا۔

تلاوت قرآن کی رضوی محفل کا انعقاد
حجت الاسلام والمسلمین سید مسعود میریان نے امام رضا علیہ السلام کے روضے میں قرآنی محفل کے انعقاد کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ یہ سلسلہ تین سال پہلے سے شروع ہوا تھا اور اس وقت بھی جاری ہے تاہم کورونا کی وجہ سے اب یہ آن لائن منعقد کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ قرآنی محفل صرف امام رضا علیہ السلام  کے روضے اور مشہد مقدس میں نہيں بلکہ پورے ایران میں قرآنی علوم میں سرگرم آستان قدس کے کارکنوں کے تعاون سے منعقد کی جاتی ہے۔

انہوں نے  کہا  کہ اس وقت ہر روز تلاوت قرآن کی رضوی محفل  امام رضا علیہ السلام کے حرم کے دار القرآن میں ساڑھے چھے بجے شام سے ساڑھے سات بجے شام تک منعقد ہوتی ہے جسے سوشل میڈیا اور اسی طرح  رضوی ٹی وی کی وب سائٹ پر براہ راست نشر کیا جاتا ہے۔

حفظ قرآن کا منصوبہ
حجت الاسلام والمسلمین سید مسعود میریان نے پورے ملک میں ایک کروڑ حافظان قرآن کو تیار کرنے کی رہبر انقلاب اسلامی کی خواہش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس حکم کے تحت، " تحفیظ رضوی" عنوان سے قرآن مجید کو حفظ کئے جانے کے ایک منصوبے پر عمل در آمد ہو رہا ہے اور ہمارا اندازہ ہے کہ اس منصوبے کی مدد سے اگلے برس تک پورے ملک میں تقریبا پانچ ہزار حافظ قرآن تیار کر ليئے جائيں گے۔

آستان قدس رضوی کے علوم قرآنی ادارے کے سربراہ نے بتایا کہ اس وقت بھی ہم پورے ملک کے قرآنی اداروں کے تعاون سے قرآن مجید کے حفظ اور اس کی تعلیم کی کلاسز کا انعقاد کر رہے ہيں تاہم کلاسز آن لائن ہوتی ہيں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .