۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
دارالعلوم دیوبند میں باضابطہ تعلیم کا آغاز

حوزہ/ دارالعلوم انتظامیہ کے ادارہ نے کہا کہ گائڈ لائن کے مطابق اول تا عربی چہارم کے درجات کی سوشل ڈسٹینسنگ کے ساتھ تعلیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دیوبند/ عالمی وبا کورونا مہا ماری کے سبب ملک بھر میں نافذ ہوئے طویل لاک ڈائون کی وجہ سے بند تعلیمی اداروں کی رونقیں اب سلسلہ وار طریقہ سے بحال ہونے لگی ہیں ۔ دارالعلوم دیوبند نے بھی حفظ وناظرہ کے بعد اب عربی درجات کے چہارم تک کے طلبہ کو ادارہ میں حصول تعلیم کے لئے بلایا ہے ۔ وزارت داخلہ اور حکومت اترپردیش کی جانب سے تازہ ہدایت کی روشنی میں دارالعلوم دیوبند کی مجلس تعلیمی نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ اسی تناظر میں دارالعلوم دیوبند میں آج طویل مدت کے بعد باضابطہ تعلیم کا آغاز ہوگیا ہے، کووڈ 19بحران اور ملک بھر میں لگے لاک ڈائون کے بعد گزشتہ سال 23مارچ سے غی رمعینہ مدت کے لئے دارالعلوم دیوبند کو بند کردیا گیا تھا ، حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے تعلیمی اداروں کے لئے جاری گائڈ لائن کے مطابق دارالعلوم انتظامیہ نے بی پہلی فرصت میں درجہ حفظ وناظرہ اور دینیات کی تعلیم کا آغاز کیا اور آج سے اول تا عربی چہارم کی درسگاہوں میں سوشل ڈسٹینسنگ کے ساتھ تعلیم کا آغاز کردیا گیا۔

دارالعلوم انتظامیہ کے ادارہ کھولنے سے متعلق ملک بھر میں خوشی واطمینان کی لہر محسوس کی جارہی ہے ۔ ملک بھر کے چھوٹے بڑے مدارس کے لئے بھی دارالعلوم دیوبند کا کھلنا نظیر بنا ہے اور ملک کے مختلف گوشوں سے عصری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ مدارس اسلامیہ کے کھولنے کی بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

واضح رہے کہ دارالعلوم دیوبند انتظامیہ نے کم وبیش ایک عشرہ قبل محکمہ صحت کی گائڈ لائن کے مطابق اول تا چہارم تعلیم شروع کرنے کا فیصلہ اور اعلان کردیا تھا ، اس اعلان کے بعد ملک کے مختلف گوشوں سے طلبہ کی آمد شروع ہوگئی ہے ۔ حفظ وناظرہ اور دینیات کے علاوہ تقریباً 250سے زائد طلبہ اپنی حاضری درج کراچکے ہیں ، ساتھ ہی ساتھ دارالعلوم انتظامیہ نے مطبخ کا معطل نظام بھی فوری طو رپر بحال کردیا ہے۔ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ چند دنوں کے اندر اول تا چہارم کے طلبہ کی کثیر تعداد دارالعلوم پہنچ جائے گی۔

اس سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابواالقاسم نعمانی نے بتایا کہ محکمہ صحت کی گائڈ لائن کا خیال رکھتے ہوئے ہم نے مارچ 2020کے مہینہ میں تعطیلات کا اعلان کردیا تھا اور ادارہ میں مقیم تمام طلبہ کو ان کے وطن روانہ کردیا تھا اس وقت سے تعلیمی سلسلہ منقطع چلا آرہا تھا ۔ حکومت کی ایما اور محکمہ صحت کی گائڈ لائن کی روشنی میں اب تعلیمی ادارے کھولے جارہے ہیں ، اسی کی روشنی میں دارالعلوم انتظامیہ نے بھی تعلیمی سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ لیا تھا، اول تا چہارم عربی درجات کے طلبہ کی آمد کئی روز پہلے شروع ہوگئی تھی ، آج صبح سے ان درجات میں باقاعدہ تدریس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ باقی پنجم تا دورۂ حدیث کے طلبہ کو عید کے بعد آنے کے لئے کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران ہم نے ماسک ، سینی ٹائزر اور درس گاہوں میں طلبہ کے مابین سوشل ڈسٹینسنگ کا بھرپور خیال رکھا ہے۔ مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ درسگاہوں کے علاوہ دارالاقامہ میں بھی طلبہ کے قیام کے لئے سوشل ڈسٹینسنگ کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ادارہ طلبہ کی صحت کے تئیں نہایت حساس اور سنجیدہ ہے ، ادارہ میں فیس ماسک ، سینی ٹائزر اور سوشل ڈسٹینسنگ کی گائڈ لائن پر عمل کیا جارہا ہے اور طلبہ کو اس کی مکمل پاسداری کی تاکید کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ میں حصول علم کے لئے آنے والے ہر طالب علم کے لئے ان کے والدین اور سرپرستوں کی تحریری اجازت ضروری ہے ، بصور ت دیگر ادارہ میں داخلہ نہیں لیا جائے گا۔ ادارہ میں رہنے والے اور تعلیم حاصل کرنے والے ہر طالب علم کے لئے محکمہ صحت کی گائڈ لائن کی پابندی ضروری ہوگی۔ تعلیم کا باضابطہ آغاز کئے جانے پر مدرسہ ثانویہ میں ناظم تعلیمات مولانا خورشید گیاوی ، دارالاقامہ کے ناظم مولانا منیرالدین ، مولانا محمد ایوب قاسمی اور مولانا خضر احمد موجود رہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .