۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علامہ راجہ ناصر

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مادر وطن کا حصول طویل جدوجہد اور ان گنت قربانیوں کے بعد ممکن ہوا ہے۔ نئی نسل پر یہ شرعی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اجداد کے اس قیمتی اثاثے کا ہر محاذ پر دفاع کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے ارض پاک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر فرد کو انفرادی کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مادر وطن کا حصول طویل جدوجہد اور ان گنت قربانیوں کے بعد ممکن ہوا ہے۔ نئی نسل پر یہ شرعی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اجداد کے اس قیمتی اثاثے کا ہر محاذ پر دفاع کریں۔ مزید کہا کہ کورونا وبا کی تیسری لہر پوری قوم کے لیے ایک چیلنج ہے۔بہادر قومیں حکمت و دانائی کے ساتھ چیلنجز سے نبرد آزما ہوتی ہیں۔ حکومت کی طرف سے طے شدی ایس او پیز پر عمل کیا جائے تاکہ مذید کسی سنگین صورتحال کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے کہا پاکستانی قوم وہ بہادر قوم ہے جنہوں نے دہشت گردی جیسے عفریت کو بھرپور عزم و استقامت کے ساتھ شکست دی ہے۔ ملک دشمن قوتوں کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ اس نظریاتی ریاست میں مسلکی سیاست،مذہبی منافرت اور صوبائی و لسانی تعصب پھیلا کر بدامنی کی راہ ہموار کی جائے۔ عالمی طاغوتی و استعماری طاقتوں کے ایجنڈے کو کامیاب بنانے میں ان کے آلہ کاروں نے مذہبیت کا روپ دھار کر شدت پسندی کو فروغ دیا جس سے دہشت گردی کے واقعات میں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ ملک کی محب وطن قوتوں نے باہمی اخوت و یگانگت سے استکباری طاقتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ اتحاد و اخوت کے لیے سازگار فضا پیدا کرنے میں مجلس وحدت مسلمین نے جو کردار ادا کیا وہ حب الوطنی کے جذبوں کاہمیشہ عمدہ اظہار رہا ہے۔

آخر میں کہا کہ عقیدے اور وطن پر ذندگی کو نچھاورکیا جا سکتا ہے۔آج کا دن اس عزم کے اعادہ کا تقاضا کرتا ہے کہ وطن عزیز کی محبت کو ہر شے پر مقدم رکھا جائے۔ ارض پاک ہماری شناخت، ہماری پہچان اور ہمارا وقار ہے۔ہماری ہر اس فرد، شخصیت اور جماعت سے کھلی دشمنی ہے جو ملکی امن واستحکام کے منافی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .