حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام مولانا سید محمد ذکی حسن،ایڈیٹر جعفری آبزرور، ممبئی نے انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنت البقیع صرف ایک قبرستان نہیں بلکہ زمین پر جنت کا ایک ٹکڑا ہے اس لئے کہ وہاں اہلبیت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دفن ہیں ۔ محبت اہلبیت علیہم السلام حکم قران کے بموجب تمام کلمہ گویوں پر واجب ہے ، لہذا آل رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہوں سے ہر مسلمان کو والہانہ عقیدہ ہے ۔ اسی وجہ سے جب آج سے تقریبا سو سال قبل مدینہ منورہ کے قبرستان جنت البقیع میں موجود اہلبیت اطہار علیہم السلام کی مزاروں کو آل سعود نے مسمار کیا تو ساری امت مسلمہ کو دلی رنج اور قلبی صدمہ ہوا ۔ کیونکہ یہ ظلم صرف ایک فرقہ یا گروہ پر نہیں ہوا ہے بلکہ اس سے پیکر اسلام زخمی اور مجروح ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ آج حجاز کی یہودی صفت سعودی حکومت اور اسرائیل کی سعودی صفت یہودی حکومت کی یکسانیت کو بخوبی سمجھا جا سکتا ہے کیونکہ پہلے نے مزارات بقیع کو مسمار کیا ہے اور دوسرا بیت المقدس کی تاراجی کا خواب دیکھ رہا ہے ۔
آخر میں یہ زور دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سب ملکر سعودی عربیہ کی ظالم و جابر حکومت سے مطالبہ کریں کہ وہ اپنے اس شرمناک اور غیر اسلامی جرم پر پوری امت سے معافی مانگے اور جنت البقیع میں مقدس بارگاہوں کی تعمیر جدید کی اجازت دے ۔