۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس

حوزہ/ سربراہ مجلس وحدت المسلمین پاکستان: امام برحق نے اپنے عمل سے یہ ثابت کیا کہ ظاہری جاہ و منصب سے تو دستبردار ی اختیار کی جا سکتی ہے لیکن راہ حق سے ایک لمحے کے لیے بھی غافل نہیں ہوا جا سکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر محبان اہلبیت ؑ کو مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام برحق کا حکیمانہ طرز زندگی رہتی دنیا تک ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔آپ اپنے دور میں حق و صداقت کے سب سے بڑے علمبردار تھے۔امام حسن علیہ السلام نے ا پنے عمل سے یہ ثابت کیا کہ ظاہری جاہ و منصب سے تو دستبردار ی اختیار کی جا سکتی ہے لیکن راہ حق سے ایک لمحے کے لیے بھی غافل نہیں ہوا جا سکتا۔امام حسن علیہ السلام نے سیاسی تدبر اور حکمت عملی سے اپنے محبین کو ان کی جانوں اور ناموس کا تحفظ فراہم کیا۔امام علیہ السلام کی سیرت سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ اپنی قوم کی جانوں کا دفاع ہر عہدے اور ہر اختیار پر مقدم ہے۔ حکومت کے ہر تعلق ہر عہدے سے دستبردار تو ہوا جا سکتا ہے لیکن قوم کے حقوق کی پاسداری سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی اپنے رہبر کے ہمراہ میدان عمل میں موجودگی مقصد کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے۔وہ قوم کبھی باوقار مقام نہیں حاصل کر سکتی جو عمل سے کترائے اور زبانی جمع خرچ سے منزل کی جستجو کرے۔اگر قوم وفا نہ کرے تو امام حسن علیہ السلام جیسے عظیم رہنما کو بھی تنہائی کا صدمہ جھیلنا پڑتا ہے اور دشمن کو اپنے مکر وفریب میں کامیابی حاصل ہوتی ہے،حق بات پر استقامت دکھانا اہل بیت اطہار علیہم السلام کا شعار ہے۔ مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت ان ہستیوں کا ہمیں سکھایا ہوا درس ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسن علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی،صوبائی اور ضلعی دفاتر میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .