۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
اسلامی تحریک گلگت بلتستان

حوزہ/ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہم ملکی سطح کے جملہ مذہبی اکابرین کی امت کو یکجا کرنے کی کاوشوں کو تسلسل دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ امت کا اتحاد کسی بھی قیمت پر داغدار ہونے نہیں دیں گے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلامی تحریک گلگت بلتستان کی میزبانی میں ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام اتحاد امت و یکجہتی فلسطین کانفرنس گلگت کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں مختلف دینی جماعتوں اسلامی تحریک،جمیعت علما اسلام۔ مجلس وحدت المسلمین۔ جماعت اسلامی،اسماعیلی ریجنل کونسل کے نماٸندوں اور علماء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی مولانا عبدالسمیع، رہنماء جماعت اسلامی مشتاق احمد۔ ممبر اسماعیلی ریجنل کونسل ڈاکٹر عبدالعزیز،رہنما جمیعت علما اسلام مولانا عنایت اللہ۔ رہنما اسلامی تحریک شیخ منیر منوری،رہنما مجلس وحدت المسلمین غلام عباس و دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان میں بسنے والے تمام مسالک کی نمائندگی پر مشتمل فورم ہے جس کی تشکیل میں قومی مذہبی راہنماؤں کا کلیدی کردار ہے ۔ہم ملکی سطح کے جملہ مذہبی اکابرین کی امت کو یکجا کرنے کی کاوشوں کو تسلسل دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ امت کا اتحاد کسی بھی قیمت پر داغدار ہونے نہیں دیں گے ۔

آج کا اجلاس امت میں نفرتوں اور دوریوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے تمام مقامی مذہبی اکابرین کو اتحاد امت کو فروغ دینے کی دعوت دیتا ہے ۔گلگت بلتستان میں بسنے والے تمام مسالک ہمارے لئے قابل احترام ہیں ملی یکجہتی کونسل نے آج محبت کا پیغام دیا ہے اور جی بی میں بسنے والوں کو بھی محبتوں کو فروغ دینے کی دعوت دیتی ہے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں پر ڈھائے جانے قیامت خیز مظالم سے اٹھنے والی فریاد ہمیں تفرقہ اور تنفر سے دوری اختیار کرنے کی دعوت دے رہے ہیں ۔قبلہ اول کی مسلسل بے احترامی ، سرزمین انبیاء کی بدترین توہین اور فلسطین کے مظلوم بھائیوں کی آہ و فغاں ہمیں فروعی اختلافات کو پس پشت ڈالنے کی دعوت دے رہے ہیں بیت المقدس کی آزادی ہم سب کا حیاتی اور بنیادی مسئلہ ہے مسئلہ فلسطین جب تاریخ کے نازک ترین موڑ پر پہنچ چکا ہو تب ہمارے فروعی اور اندرونی معاملات پس پشت چلے جاتے ہیں ایسے میں امت واحدہ کا کردار ادا کرنا لازم فریضہ بن جاتا ہے ہم آج کے اجلاس کی وساطت سے سب سے پہلے ملکی مذہبی اکابرین کو اتحاد امت کو تسلسل دینے کا یقین دلاتے ہیں نیز فلسطینیوں کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ان کی جدوجہد سے یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .