۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
معاون مسئول وفاق مدارس شیعه پاکستان قم درگذشت

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان شعبہ قم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام شیخ حیدر علی مہدوی 52سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،وفاق المدارس الشیعہ پاکستان شعبہ قم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام شیخ حیدر علی مہدوی 52سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

وفاق المدارس پاکستان شعبہ قم کے منتظمین نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں،تبلیغ اور تدریس کے شعبے میں سرگرم عمل وفاق المدارس شعبہ قم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ حیدر علی مہدوی کی المناک رحلت کا اعلان کیا ہے۔

مرحوم و مغفور کی محترمہ اہلیہ کے مطابق،یہ عالم دین 1970ء میں پاراچنار کے شہر کوہاٹ ہنگو میں ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے اور انہوں نے علوم اسلامی کا آغاز،پاکستان کی معروف دینی درسگاہ جامعۃ المنتظر لاہور سے کیا بعدازاں اعلی سطحی دینی علوم حاصل کرنے کی غرض سے حوزہ علمیہ قم کی طرف ہجرت کی،قم کی عظیم دینی درسگاہ مدرسہ حجتیہ میں علوم محمد و آل محمد علیہم السلام اور معارف دینی کے حصول کے لئے داخلہ لیا اور عارف زمان حضرت آیۃ اللہ العظمی بہجت(رح)کے درس خارج سے کسب فیض کیا۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ آیۃ اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی،نائب سربراہ  سید مرید حسین نقوی،سکریٹری جنرل محمد افضل حیدری سمیت وفاق المدارس الشیعہ پاکستان شعبہ قم کے منتظمین اور مدرسہ منتظر قم کے مدیر سید محمد حسن نقوی نے تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے حجۃ الاسلام مہدوی کی المناک رحلت پر اساتذہ،دینی طلباء،حوزہ ہائے علمیہ پاکستان اور ان کے خانوادے سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

تعزیتی بیانات میں علمائے کرام نے حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ حیدر علی مہدوی کی المناک رحلت کی خبر پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم مخلص،متقی،خادم طلاب دینی اور باعمل علماء میں سے تھے،پاکستان کا علمی،تبلیغی اور ثقافتی معاشرہ ہرگز ان کی گراں قدر خدمات کو فراموش نہیں کرے گا۔
ان شاء اللہ!خداوند رحیم مرحوم کی مغفرت اور اعلیٰ علیین میں جگہ عنایت فرمائے گا۔

حجۃ الاسلام مہدوی کے پیکر کو بڑی تعداد میں برصغیر پاک و ہند کے طلباء،علماء اور مختلف علمی اور سیاسی شخصیات نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا قم میں تشییع اور نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد قبرستان بہشت معصومہ میں سپرد خاک کردیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .