۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی کی حماس کے رہنما احمد عبدالہادی سے ملاقات

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے کہا فلسطینی قوم کی مزاحمت دنیا بھر کے مستضعفین کے لیے مشعل راہ ہے کہ آزادی اور حریت کا راستہ قربانیوں کا راستہ ہے۔ پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ اس جدوجہد میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ خود کو اس جدوجہد آزادی میں تنہا نہ سمجھیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بیروت/مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ حجت الاسلام ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے لبنان میں تعینات خصوصی نمائندے احمد عبد الھادی سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے حماس کے رہنما کو غاصب اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ میں فلسطینی مزاحمت کی فتح پر ایم ڈبلیو ایم کی قیادت اور پاکستانی قومی کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور مزاحمتی رہنماوں اور مجاہدین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ فلسطینی مزاحمتی رہنما نے کہا حالیہ جنگ میں فتح صرف حماس کی فتح کی نہیں بلکہ یہ تمام امت اسلامیہ کی فتح ہے۔

 انہوں نے جنگ کے دوران پاکستانی قوم اور خصوصا ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے حماس کی اخلاقی و سیاسی مدد پر پاکستانی قوم اور ایم ڈبلیو ایم کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ فلسطینی مزاحمتی رہنما نے کہا اس جنگ میں فتح سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ غاصب صہیونی حکومت مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ہے۔

انہوں نے کہا حالیہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں فلسطینی مزاحمت نے امریکی صدر کے صدی کی ڈٰیل کے منصوبے کو خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے کہا عربوں سمیت پوری دنیا کو یہ بات جان لینی چاہئے کہ فلسطینی اپنے خون کے آخری قطرے تک اپنی سرزمین کی آزادی کی جنگ لڑتے رہیں گے اس کی انہیں جتنی قیمت بھی ادا کرنا پڑی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے ان کے اس عزم و ارادے کی تعریف کرتے ہوئے کہا اسی عزم و ارادے کی وجہ سے فلسطینی قوم پوری امت مسلمہ میں خاص احترام اور مقام کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا فلسطینی قوم کی مزاحمت دنیا بھر کے مستضعفین کے لیے مشعل راہ ہے کہ آزادی اور حریت کا راستہ قربانیوں کا راستہ ہے۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے کہا پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ اس جدوجہد میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ خود کو اس جدوجہد آزادی میں تنہا نہ سمجھیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .