۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان

حوزہ/ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے حماس رہنما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین اور فلسطین کی عوامی و اسلامی مزاحمت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صہیونی آلہ کاروں کو بے نقاب کر رہے ہیں اور منطقی انجام تک پہنچانے کے ہر راست اقدام کیا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ مقبوضہ فلسطین میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے مرکزی رہنما ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام، مزاحمت اور تمام اکائیاں فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔

حماس کے رہنما کا کہنا تھا کہ حالات بدل چکے ہیں اور ان مزاحمت صرف غزہ کے علاقہ تک محدود نہیں رہی بلکہ مغربی کنارے اور سنہ ۱۹۴۸ کے علاقوں اور فلسطینیوں تک دائرہ وسیع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاد اسلامی فلسطین اور حماس سمیت مزاحمتی تحریکیں باہمی تعاون اور حکمت عملی کے ساتھ فلسطین کا بھرپور دفاع کر رہی ہیں۔
حماس رہنما خالد قدومی نے گذشتہ چند ماہ میں مقبوضہ فلسطین کے سنہ ۱۹۴۸ کے علاقوں میں ہونے والی مزاحمتی کاروائیوں کو انقلاب سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بے امان ہو چکا ہے آج جعلی ریاست اسرائیل کی شہریت رکھنے والے صہیونی مجبور ہیں کہ چند گھنٹوں کے لئے سرگرمیاں انجام دیں اور فلسطینی عوامی مزاحمت نے صہیونیوں کو بنکرز میں رہنے پر مجبور کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جعلی ریاست اسرائیل کی سیکورٹی پہلے سے زیادہ خطرے میں ہے اور کئی مرتبہ صہیونی اداروں کی ویب سائٹس ہیک کر لی گئی ہیں اور اسی طرح ڈیمونا کے قریب گرنے والے میزائل اور اسلحہ کارخانوں میں لگنے والی آگ سے متعلق اسرائیل خاموش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جعلی حکومت روز بروز کمزور ہو رہی ہے اور گذشتہ انتخابات کے بعد مسلسل پانچ مرتبہ انتخابات ہوئے تاہم حال ہی میں ایک مرتبہ پھر حکومت ٹوٹ چکی ہے۔ انہوں نے اسرائیلی جارح افواج کے مابین پائے جانے والے بحران اور مسائل کی نشاندہی بھی کی اور کہا کہ اسرائیل اس قابل نہیں ہے کہ لبنان میں اسلامی مزاحمت حزب اللہ اور فلسطین میں حماس و جہاد اسلامی سے مقابلہ کرے۔

انہوں نے اس امید پر قوی یقین کا اظہار کیا کہ عنقریب فلسطین میں رونما ہونے والے عوامی مزاحمت کے واقعات اسرائیل کو نابود کر دیں گے۔ ڈاکٹر خالد قدومی نے پاکستان میں اسرائیلی لابی کی سرگرمیوں کو تشویش ناک قرار دیا اور عوام سے اپیل کی کہ پاکستان میں اسرائیل حمایت پر مبنی اقدامات کے خلاف سخت ردعمل دیا جائے اور بانیان پاکستان کے فلسطین حمایت اصولی موقف کی قدر دانی کی۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے حماس رہنما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین اور فلسطین کی عوامی و اسلامی مزاحمت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صہیونی آلہ کاروں کو بے نقاب کر رہے ہیں اور منطقی انجام تک پہنچانے کے ہر راست اقدام کیا جائے گا۔

ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ حمایت فلسطین پاکستان اور عوام کے لئے باعث فخر و شرف ہے اور پاکستان کے عوام دنیا کے عوام کے سامنے ایک امتیاز رکھتے ہیں کہ حامیان فلسطین ہیں۔ انہوں نے حماس رہنما کو یقین دلایا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان حمایت فلسطین کا مشن جاری رکھے گی۔

اس موقع پر حماس رہنما ڈاکٹر خالد قدومی نے پاکستان میں فلسطین فاؤنڈیشن کے کردار کو مثالی اور دیگر ممالک کے لئے نمونہ عمل قرار دیا اور کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان مسئلہ فلسطین کی حمایت کے لئے پاکستان میں بیش بہا خدمات انجام دے رہی ہے جس پر حماس اور فلسطینی عوام خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .