حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اٹھارہ جون کے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کے بعد رہبر انقلاب اسلامی نے ایک پیغام جاری کرکے ملت ایران کو انتخابات کی سب سے بڑی فاتح قرار دیا۔
پیغام حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
عظیم و سرفراز ملت ایران!
اٹھارہ جون کے انتخابات میں پرجوش شرکت آپ کے افتخارات کا ایک اور درخشاں باب بن گئی۔ ان عوامل و اسباب کے باوجود جن میں سے ہر ایک، انتخابات میں شرکت کو کم رنگ کر سکتا تھا، ملک بھر میں پولنگ مراکز پر آپ کے ہجوم کے دلکش مناظر، پختہ عزم، امیدوں سے معمور دل اور بیدار نظر کی واضح علامتیں ہیں۔
کل کے انتخابات کی سب سے بڑی فاتح ملت ایران ہے جس نے ایک بار پھر دشمن کے بکے ہوئے میڈیا کے پروپیگنڈوں، سادہ لوح افراد اور بدخواہ عناصر کے وسوسوں کے مقابل قیام کیا اور ملک کے سیاسی میدان کے قلب میں اپنی بھرپور موجودگی کی مثال رقم کر دی۔ نہ کمزور طبقات کی معیشتی مشکلات کی شکایتیں، نہ وبائی بیماری کی تشویش، نہ مہینوں پہلے سے شروع ہو جانے والے مایوس کن مخالفانہ بیان، نہ ووٹنگ کے دن بعض اوقات میں ووٹنگ کے عمل میں پیدا ہونے والی بعض رکاوٹیں، کوئی بھی شئے ملت ایران پر غالب نہ آ سکی اور صدارتی اور شہری و دیہی کونسلوں کے اہم ترین انتخابات میں کوئی مشکل نہیں آنے پائی۔
میں شکر کا سجدہ بجا لاتا ہوں اور خدائے علیم و قدیر کا اس توفیق پر جو اس نے ملت ایران کو عطا کی اور اس نظر کرم پر جو اس نے اسلامی جمہوریہ پر ڈالی، لا متناہی شکر ادا کرتا ہوں۔ ایران کے عوام سے کہتا ہوں کہ آپ ہمیشہ خوش رہئے اور عوام کے انتخاب کے نتیجے میں عہدہ صدارت یا ملک بھر میں شہری و دیہی کونسلوں کی رکنیت حاصل کرنے میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد کے ساتھ ہی یہ یاد دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ اس وفادار اور قانون کے ذریعے معین کردہ فرائض پر بھرپور عمل کرنے والی قوم کی قدردانی کرنا نہ بھولئے۔ ملک اور قوم کی خدمت گزاری کے موقع کو غنیمت سمجھئے اور خدائی جذبات کو ہمیشہ مد نظر رکھئے۔
محترم گارجین کونسل، وزارت داخلہ، سیکورٹی اداروں، محنتی قومی ذرائع ابلاغ، محترم امیدواروں اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس عظیم امتحان میں کسی نہ کسی شکل میں تعاون کیا۔
امام زمانہ علیہ السلام کی بارگاہ میں درود و سلام بھیجتا ہوں جو اس ملک اور اس نظام کے اصلی مالک ہیں۔ امام (خمینی) کے لئے جو ملت ایران کی اس عظیم تحریک کے بانی ہیں اور عظیم المرتبت شہدا کے لئے جو ملک کے سب سے بڑے افتخارات میں شامل ہیں، بلندی درجات کی دعا کرتا ہوں۔
سیّد علی خامنه ای
۲۹ خرداد ۱۴۰۰ ( ہجری شمسی مطابق 19 جون 2021)