حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اللہ کا شکر ہیکہ محراب کا تقدس اور مرتبہ ابھی باقی ہے لیکن منبر کے تقدس کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ امروہا کے عزاخانہ دربار شاہ ولایت میں ایصال ثواب کی ایک مجلس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی سے آئے مولانا مرزا عمران علی نے کچھ تلخ لیکن حقیقی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح محراب میں امام سے نماز کے دوران ہونے والی غلطی پر نمازی احترام کے ساتھ ٹوک دیا کرتے ہیں اسی طرح منبر پر بیٹھے ذاکر کو بھی اسکی غلط بیانی پر ٹوکا جانا چاہئے۔
مولانا عمران علی نے افسوس ظاہر کیا کہ جب مومنین نے الٹی سیدھی باتوں پر ذاکرین کو ٹوکنا اور ان سے سوال کرنا چھوڑ دیا ہے تب ہی منبر پر آنے والا ذاکر اپنے حساب سےمجلس پڑھنے لگا ہے۔ جس سے منبر کا تقدس بھی ختم ہوا ہے اور اسکی مقصدیت اور افادیت بھی متاثر ہوئی ہے۔
مجلس کا اہتمام سیدہ ریحانہ کے چہلم کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ مجلس میں بڑی تعداد میں مومنین موجود تھے۔ سامعین میں محلہ دربار شاہ ولایت کی مسجد کے پیش امام مولانا مقداد حسین بھی موجود تھے۔