حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف میں طلاب کی علمی، فرہنگی، تربیتی اور فکری پیشرفت کی خاطر نجف اشرف میں مدارس کے مدیران کا جلسہ آیۃ اللہ شیخ محمد یعقوبی کی جانب معظم لہ کے دفتر نجف اشرف میں منعقد ہوا، جس میں اکثر مدارس کے مدیران نے شرکت کی اور اپنی اپنی قیمتی آرا سے جلسہ کو نورانی بنایا۔ اس جلسہ کی صدارت حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ جاسم بھادلی نے کی۔
جس میں آیت اللہ یعقوبی صاحب کے دفتر کے مدیر عالی جناب شيخ جاسم البھادلی صاحب نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا ہم طلاب کی خدمت کے لئے حتی الامکان تیار ہیں اور ہم نہیں چاہتے طلاب کو کسی مشکل کا سامنا کرنا پڑے اسی طرح طلاب بھی اپنے اصل ھدف اور مقصد کو مدنظر رکھیں۔
آیة الله یعقوبی صاحب کے خاص نمائندہ عالی جناب شيخ صلاح کعبی صاحب نے کہا شان طلبگی اخلاق ہے لہذا تمام طلاب کے اخلاق جیسی اہم شئ کو کبھی فراموش نہ کریں اور اسی طرح طلاب کے لئے بہت ضروری ہے کہ تعلیم میں محنت کرتے رہیں کیونکہ طلاب مستقبل میں عوام اور دین کی امید ہیں معاشرہ کو عالم باعمل کی ضرورت ہے۔
مدرسہ الصراط المستقیم نجف اشرف عراق کے مدیرحجة الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد مہدی زیدی (پھندیڑوی) نے جلسہ سے اپنے خطاب میں کہا طلاب اور مدیران دونوں ہی کو چند چیزوں کی طرف توجہ دینا بہت ضروری ہے جن میں سے انتظامیہ اور مدیران کی ذمہ داری ہے کہ طلاب کی رہائش اور ان کی ضرورتوں کا خیال رکھیں مدیران اور انتظامیہ کے لیے بہت ضروری ہے اس بات کو سنجیدگی سے سوچیں چنانچہ اگر طالب علم پریشان ہوگا تو اسے تحصیل علوم میں دشواری ہوگی اور اپنے مقصد تحصیل علم سے ہٹ جاے گا اور اسی طرح تمام سہولیات ہونے کے باوجود ہر طالب علم اپنے فریضہ دروس کو ادا کرتا رہے طالب علم کے لیے دروس میں شرکت سے گریز جائز نہیں ہے۔ مولانا مہدی زیدی نے جہاں درس، تدریس، اخلاق اور مدیران کے وظیفہ کی طرف اشارہ کیا وہیں قرآن مجید کی آیت: لیتفقہوافی الدین ولینذرواقومہم اذارجعواالیہم لعلہم یحذرون(سورہ توبۃ آیت ١٥) کی طرف اشارہ کرتے ہوے کہا جہاں تفقہ فی الدین ہے وہیں اپنی قوم کی طرف پلٹنا اور ان کی ہدایت کرنا بھی بہت ضروری ہے لہذا مناطق محرومہ کہ جہاں مبلغین نہیں پہنچتے ہیں جن مناطق کو اشد ضرورت ہے وہاں ہمارے طلاب کو جانا چاہیے اور ان مبلغین کی بزرگان کو پشت پنہائی کرنی چاہیے اور یہی مقصد تحصیل علوم آل محمد ہے۔
ان افراد کے علاوہ جلسہ میں دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں حجة الاسلام والمسلمین شیخ صلاح الکعبی، حجة الاسلام والمسلمین سید شمس الحسن صاحب مدیر ادارہ زینب کبری نجف اشرف عراق، حجة الاسلام والمسلمین سید نوید حیدر نائب مدیر ادارہ زینب کبری نجف اشرف، حجة الاسلام والمسلمین شیخ سلیم مدیر لجنہ امور تبلیغ نجف اشرف،حجة الاسلام والمسلمین سید رجب علی مدیر سکن امام علی نقی علیہ السلام نجف اشرف، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد مہدی زیدی مدیر مدرسہ الصراط المستقیم نجف اشرف عراق، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ نفیس نجفی، حجة الاسلام والمسلمین شیخ علی الاخوندی وغیرہ صاحبان کے اسماء قابل ذکر ہیں
آخر میں جلسہ کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا اور آیندہ جلسہ کی امید کی گئ تاکہ طلاب کی مشکلات حل کرنے میں نتیجہ تک پہنچ سکیں۔