۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
فالح الفیاض

حوزہ/ عراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے کہا: الحشدالشعبی عراق کے امن و استحکام کی حقیقی ضامن اور تمام عراقی سیکورٹی فورسز کی پشتپناہی کرتی رہے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بغداد/ الحشدالشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے داعش کے قبضے سے موصل شہر کی آزادی کی سالگرہ کی مناسبت سے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ داعش کے چنگل سے موصل کی آزادی ہر جارح کے قبضے سے عراقی زمینوں کی مکمل آزادی اور حتمی کامیابی کا پیش خیمہ تھی۔ الحشدالشعبی کے سربراہ نے زور دے کرکہا کہ ہم نے عہد کر رکھا ہے کہ الحشدالشعبی عراق کے امن و سیکورٹی کی حقیقی ضامن کی حیثیت سے فوج اور تمام سیکورٹی فورسز کی حمایت و پشتپناہی جاری رکھے گی ۔

عراق کے وزیرا‏عظم مصطفی الکاظمی نے بھی اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ موصل کی جنگ نے داخلی ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تمام اندازوں کو تبدیل کردیا، کہا کہ موصل کی آزادی کے چار سال بعد حکومت ماضی کی غلطیوں کو کہ ،جس کے خطرناک نتائج برآمد ہوئے اور اس کی قیمت ہم نے اپنے خون سے چکائی، پھر سے نہ دہرانے اور دہشتگردی کے مقابلے میں پوری طرح ڈٹ جانے کا عہد کرتی ہے۔

دوسری جانب عراق کی استقامتی تحریک عصائب اہل الحق نے عراق سے امریکہ کا غاصبانہ قبضہ ختم کرنے کے لئے عراقی استقامت کی طاقت پر زوردیا ہے۔

عصائب اہل الحق کے سیاسی شعبے کے ترجمان محمود الربیعی نے زور دے کر کہا کہ عراقی استقامت عراق سے امریکی فوجیوں کو مار بھگانے کی طاقت رکھتی ہے۔

محمودالربیعی نے عراق کے سلسلے میں امریکی رویے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی فورسز امریکی فوج کی موجودگی کو غاصبانہ قبضہ سمجھتی ہیں اور اس غاصبانہ موجودگی کے خلاف عراقی قوتیں متحد ہیں۔ عصائب اہل الحق کے ترجمان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ استقامتی فورسز امریکی قابضوں کو اپنے ملک سے باہر نکالنے کی طاقت رکھتی ہیں کہا کہ عراق میں امریکی فوجیوں یا کسی بھی دوسرے ملک کی موجودگی کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .