حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امام جمعہ نجف اشرف حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدر الدین قبانچی نے بعثی 155امیدواروں کو انتخابات سے نااہل قرار دینے کے عراقی عدلیہ کے فیصلے کو سراہا ہے۔
بعث پارٹی اور اس کے عناصر کی واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہے
انہوں نے کہا کہ بعثی عناصر کی عراقی حکومت میں واپسی اور ان کو انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے لہذا اس سلسلے میں عدلیہ کا اقدام قابل قدر ہے۔
امام جمعہ نجف نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بعث پارٹی اور اس کے عناصر کی واپسی کا کوئی راستہ موجود نہیں ہے،کہاکہ بعثوں کی عراقی سیاست میں واپسی کی ہر ممکن کوشش کی مخالفت کرتے رہیں گے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین قبانچی نے افغانستان میں شیعہ نشین علاقوں پر طالبان کے حملوں،لوگوں کا قتل عام اور خواتین کو قیدی بنائے جانے پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی اور مزید کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی کی دلیل مقتولین کا شیعہ ہونا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی سیکورٹی اداروں سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان مظلوموں کی حمایت کا مطالبہ کیا۔
خطیب نجف اشرف نے عراقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شہریوں کے مابین اراضی کی تقسیم بندی میں منصفانہ عمل کرے اور زمین کی تقسیم بندی کو انتخابی مہم کے لئے استعمال نہیں کرے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین قبانچی نے امام محمد تقی علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے امام(ع)کی ایک نورانی حدیث کو بیان کیا:«ألمؤمن يحتاج إلى ثلاث خصال توفيق من الله،واعظ من نفسه و قبول ممن ينصحه.»مؤمن کو تین خصلتوں کی ضرورت ہے:خدا کی طرف سے توفیق،اندرونی واعظ اور اس شخص کی نصیحت کو قبول کرنے کی ضرورت ہے جو اس کو نصیحت کرتا ہے۔
آخر میں، انہوں نے میل محبت کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عوامل کو غم و غصہ ،حد سے زیادہ سرزنش اور بہت زیادہ شکایت قرار دیا۔