۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے تحفظ و فروغ عزاداری کانفرنس

حوزہ/ہمارے آئمہ کی حکمت عملی تھی کہ وہ دشمن کو دوست اور مخالف کو حامی بنانے کی کوشش کرتے جبکہ ہم دوست کو دشمن اور حامیوں کو مخالف بنا کر ان کی حکمت عملی کے بر عکس عمل کر رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے زیر اہتمام وحدت ہاوس لاہور میں تحفظ و فروغ عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا کانفرنس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی ، مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی، لاہور کی معروف معلمات و ذاکرات ، بانیان مجالس اور تمام ضلعی کابینہ نے شرکت کی کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اپنی کابینہ کے تعارف کیساتھ اب تک کی کارکردگی رپورٹ پیش کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ سید احمد اقبال رضوی نے تحفظ و فروغ عزداری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم متحد ہو کر ایک قوم کی شکل میں نہیں ابھریں گے دشمن ہماری صفوں میں گھس کر ہمیں کھوکھلا کرتا رہے گا ہم غفلت میں گھرے رہیں تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ دشمن بھی سو رہا ہے دشمن منصوبہ بندی کر رہا ہے طاقت جمع کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آئمہ کی حکمت عملی تھی کہ وہ دشمن کو دوست اور مخالف کو حامی بنانے کی کوشش کرتے جبکہ ہم دوست کو دشمن اور حامیوں کو مخالف بنا کر ان کی حکمت عملی کے بر عکس عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ نے اپنے دور  قیادت میں سب سے پہلا مطالبہ تحفظ عزاداری کا کیا تھا دشمن ہماری عزاداری کو محدود کرنا چاہتا ہے لیکن یہ فرش عزا ، ماتمداری جلوس ہائے عزا ہماری عبادت ہے اور ہمیں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اسکی حفاظت کرنی ہے اور اپنی نسلوں تک بطور امانت پہنچانا ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے خطاب میں کہ عزاداری کے انعقاد میں تین ارکان ایک مثلث کی طرح اہم کردار ادا کرتے ہیں بانیان مجالس ، علماء و ذاکرین اور سامعین تینوں کی فکری ہم آہنگی اہمیت کی حامل ہے انہوں نے کہا بانیان مجالس ایسے ذاکرین کو منبر سونپیں جو  اپنے بیان کے ذریعے عزاداروں کی فکری تربیت انجام دے سکتے ہوں یہ منبر اور فرش عزا ہماری درسگاہ ہیں یہاں سے تربیت یافتہ عزادر معاشرے میں سب سے منفرد اور بلند کردار کے حامل ہونے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ انفرادی یا اجتماعی طور پر تحفظ عزاداری کے لیے عملی قدم اٹھائیں کیونکہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات اور میراث ہے۔ کانفرنس سے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور محترمہ حنا تقوی ، محترمہ عصمت زہرا ، محترمہ بشری اور محترمہ معصومہ نے بھی خطاب کیا اس موقع پر شرکائےکانفرنس نے وہاں موجود معلمات سے مختلف سوالات پوچھے جن کے عمدہ انداز میں جوابات دیے گئے تحفظ و فروغ عزاداری کانفرنس کے اختتام پر ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے تمام مہمانان و شرکائے کانفرس کا شکریہ ادا کیا، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی نے دعائے امام زمانہ عج کے ساتھ محفل کا اختتام کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .