حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،چینیوٹ/ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین چینیوٹ کی جانب سے منجی بشریت و شہداء اسلام کے عنوان سے سالانہ ایک روزہ کنونشن ٹھٹھی شرقی امامبارگاہ چینیوٹ میں منعقد ہوا۔ کنونشن میں ضلع چینیوٹ کے تمام یونٹس سے بھرپور شرکت تھی۔
منجی بشریت و شہداے اسلام کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن صوبائی اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی نے خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں سیدہ زہرا نقوی نے کہا کہ اگر ہماری قوم اخلاص قلبی کے ساتھ متحد ہوجائے تو کسی میں جرات نہ ہو کہ ہمیں اس بے دردی سے شہید کرے ، یہ ہمارے اختلافات اور کمزوریاں ہیں جن سے ہمارا دشمن فائدہ اٹھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے امام عج کے منتظر تو ہیں لیکن کیا ہم نے ان کی آمد کے لیے اپنی سرزمین کو تیار کر لیا ہے؟ ہم بے شمار قربانیاں دینے کے باوجود اب تک امام کے ظہور کے لیے آمادہ نہیں ہوسکے کیونکہ ہم متحد نہیں ہیں۔ ہمیں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے بصیرت، حکمت اور آپس میں وحدت قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خدا کی آخری حجت کے ظہور کے لیے اپنی سرزمین کو تیار کر سکیں۔
کنونشن کے دوران ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین چینیوٹ کی خواہران نے شہداے پشاور کے حوالے سے زبردست خاکہ پیش کیا جبکہ جامعہ بعثت کی طالبات نے بھی بہترین انداز میں انقلابی ٹیبلو پیش کیا.