۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا سید غافر رضوی

حوزہ/ عزاداری کے میدان میں آگے آگے رہنا لیکن عمل کے میدان میں زیرو ہونا کوئی عقلمندی کی دلیل نہیں ہے کیونکہ یہ عزادار کی پہچان نہیں ہے۔ ایک حقیقی عزادار وہی ہے جو عزاداری کے ساتھ ساتھ صاحبِ عزا کے احکام و فرامین پر عمل بھی کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،انٹر نیشنل نور مائیکرو فلم سینٹر نئی دہلی میں دو محرم ۱۴۴۳ھ کی مجلس خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید غافر رضوی صاحب قبلہ فلکؔ چھولسی نے عزاداری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا:  امام حسین علیہ السلام کی شہادت نے مؤمنوں کے قلوب میں ایسی گرمی پیدا کردی ہے جو کبھی بھی ختم نہیں ہوگی۔ حدیث میں دل کو ملحوظ نظر رکھا گیا ہے کیونکہ دل اعضائے بدن کا سردار ہے اور دل کے ذریعہ ہی تمام جسم میں گرمی پیدا ہوتی ہے، جیسی گرمی دل میں ہوگی ویسی ہی گرمی پورے جسم میں سرایت کرے گی، اگر دل میں حسینؑ کی محبت ہے تو تمام رگ وپئے میں حسینیت کی گونج ہوگی؛ اگر دل میں شہرت،شہوت، حسد وغیرہ کی گرمی ہے تو  پورے جسم میں وہی گرمی گردش کرے گی۔

مولانا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: محبت حسینؑ اور شہادت حسینؑ کی گرمی کا دل میں پیدا ہونا ایمان کی علامت ہے، منطقی اعتبار سے اس کا مفہوم مخالف یہ ہوگا کہ جس دل میں محبت حسینؑ نہ ہو اور شہادت حسینؑ کی گرمی نہ پائی جائے اس دل میں ایمان کا وجود نہیں ہوتا۔

مولانا غافر رضوی نے یہ بھی کہا: اس میں کوئی شک نہیں کہ امام حسین علیہ السلام کی مظلومیت پر رونا، رلانا یا رونے والے کی شکل بنانا جنت کا سبب قرار پاتا ہے لیکن یاد رہے کہ صرف رونے سے جنت ملنے والی نہیں ہے بلکہ جنت میں جانے کے لئے شرائط ہیں جن میں سے اہم شرط اقوال معصومین کو عملی جامہ پہنانا ہے۔

مولانا موصوف نے مزید بیان کیا: عزاداری کے میدان میں آگے آگے رہنا لیکن عمل کے میدان میں زیرو ہونا کوئی عقلمندی کی دلیل نہیں ہے کیونکہ یہ عزادار کی پہچان نہیں ہے۔ ایک حقیقی عزادار وہی ہے جو عزاداری کے ساتھ ساتھ صاحبِ عزا کے احکام و فرامین پر عمل بھی کرے۔

مولانا نے دو محرم کے مصائب پڑھتے ہوئے کہا کہ  حسین ؑ کوئی معمولی شخصیت نہیں بلکہ امیرکائنات کا بیٹا تھا اس کے باوجود یہ منظور نہیں کیا کہ لمحہ بھر کے لئے غصبی زمین پر قیام ہو بلکہ پہلے زمین خریدی اس کے بعد خیام نصب کئے؛ اگر ہمیں حسینی ہونے کا دعویٰ ہے تو ہمارے اعمال سے حسینیت ظاہر ہونی چاہئے۔
 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .