۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ اتھارٹی سیرت پیغمبر اکرم ایک ایسا مقبول نسخہ تجویز کرے جس سے پاکستان میں موجود اس قسم کی جاہلیت کا خاتمہ کیا جاسکے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،راولپنڈی-اسلام آباد/قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ پیغمبر اکرم(ص) نے جاہلیت کی رسوم کا خاتمہ کیا، نیشنل رحمت اللعالمین اتھارٹی حالات کابے لاگ جائزہ لے کہ معاشرہ یہاں تک کیسے پہنچا اور اتھارٹی سیرت پیغمبر اکرم سے ایک ایسا مقبول نسخہ تجویز کرے جس سے پاکستان میں موجود اس قسم کی جاہلیت کے آثار اور واقعات کا خاتمہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ سیالکوٹ کو مذہبی رنگ دیا گیا اگر توہین ہوئی ہے تو ملک میں آئین و قانون موجود ہے کسی شخص کو حق حاصل نہیں کہ وہ اس کو بنیاد بنا کرسزا دینا شروع کردے البتہ سانحہ سیالکوٹ کی جامع اور مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ایسے حالات میں جب معاشرے میں عدم برداشت ، مارپیٹ ، جلاﺅ گھیراﺅ، لاقانونیت اورتشدد کا عنصر پیدا ہو نا شروع ہوجائے تو معاشرے کی اصلاح کیلئے جہاں ریاست کو اقدامات اٹھانے چاہیں وہاں معاشر ے کی اصلاح، انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے علمائے کرام، اساتذہ کرام، میڈیا سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کو بھی اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ قوم کی اصلاح ہوسکے اور وہ صحیح معنوں میں مہذب قوم بن سکے۔

مزید کہا کہ انوسٹی گیشن اور پراسیکوشن کا عمل کسی دباﺅ کے بغیر غیر جانبدارانہ اور شفاف طریقے سے انجام دیا جائے تاکہ عدلیہ ملک میں عدل و انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے کیس کو منطقی انجام تک پہنچا سکے اور سانحہ سیالکوٹ جس سے ملک کا امیج بین الاقوامی سطح پر متاثر ہورہا ہے اس کو بحال کرنے میں معاون ہو سکے اور ملک دیگر مذاہب کیلئے امن و آشتی کا مرکز نظر آئے اور اسلام کا حقیقی روشن چہرہ دنیا کے سامنے آسکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .