۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا سید نجیب الحسن زیدی

حوزہ/ شہر ممبئی کی معروف مسجد ایرانیان "مغل مسجد" میں جشن بعثت و معراج اور حجہ الاسلام والمسلمین جناب حسنین کراروی کی زحمتوں کی قدردانی کے ساتھ مولانا سید نجیب الحسن زیدی کی امام جماعت کے طور پر تقرری۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کل رات مسجد ایرانیان "مغل مسجد" میں جشن بعثت و معراج کے ساتھ مومنین و علماء شہر ممبئی کی موجودگی میں ایک عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا۔ اس محفل کے مہمان خصوصی رہبر انقلاب اسلامی کے ہندوستان میں نمائندے حجہ السلام والمسلمین جناب آقائے مھدوی پور تھے جو دہلی سے اسی محفل میں شرکت کی غرض سے ممبئی تشریف لائے تھے

محفل میں شہر کی معزز ہستیوں کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل اور ممبئی میں ایرانی کلچر ہاوس کے ڈائریکٹر جناب محسن عاشوری و انکے دیگر رفقاء کار کے ساتھ مغل مسجد کے ٹرسٹیز موجود تھے۔ اس محفل میں مسجد میں عرصہ دراز تک خدمت انجام دینے والے حجہ الاسلام والمسلمین جناب حسنین کراروی صاحب کی آمد نے چار چاند لگا دئیے جنکا استقبال خود بڑھ کر نمائندہ رہبر انقلاب اسلامی حجہ السلام والمسلمین جناب مھدوی پور نے کیا یاد رہے جناب حسنین کراروی صاحب عرصے سے علیل ہیں اسکے باوجود جشن کی اہمیت کے پیش نظر وہ اپنے بیٹوں حجہ الاسلام محمد کراروی اور جناب احمد کراروی کے ہمراہ حاضر ہوئے ۔

اس پروگرام میں تلاوت کلام پاک کے بعد حجہ السلام والمسلمین جناب محسن ناصری صاحب نے اپنے تمہید بیان میں محفل کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے 27 رجب کی مبارک تاریخ میں ہونے والے اس جشن میں دہلی سے تشریف لائے رہبر انقلاب کے نمائندے جناب مہدوی پور صاحب کا شکریہ ادا کیا بعدہ جناب حجۃ الاسلام و المسلمین حسنین کراروی صاحب نے افتتاحی تقریر کرتے ہوئے معراج و بعثت پیغمر (ص) پر روشنی ڈالی اسکے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل جناب علی خانی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسجد کی خدمات پر روشنی ڈالی اور مسجد میں خدمت کرنے والی ہستیوں کی خدمات خو سراہا اسکے بعد مہمان خصوصی حجہ الاسلام والمسلمین جناب مھدوی پور نے بعثت کے مقصد کو بیان کرتے ہوئے مغل مسجد کی تاریخ بیان کی اور فرمایا کہ 164 سال سے اس مسجد سے دینی معارف بیان ہو رہے ہیں۔

جناب مھدوی پور نے مسجد میں امامت کے فرائض انجام دینے والے حجہ الاسلام والمسلمین شیخ ناصری مرحوم اور دیگر خدمت گزاروں خاص کر جناب حسنین کراروی صاحب کا خاص شکریہ ادا کرتے ہوئے بیان کیا کہ اس مسجد میں یوں تو حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ ناصری صاحب کے بیٹے شیخ محسن ناصری امامت کے فرائض انجام دیتے رہے لیکن انکی مصروفیتوں کی بنیاد پر اور انہیں کی خواہش پر آج سے حجہ الاسلام سید نجیب الحسن زیدی صاحب نماز جماعت کے فرائض انجام دیں گے اسکے ساتھ ہی ہم چاہیں گے کہ مولانا محسن ناصری صاحب بھی کما فی السابق مسجد سے جڑے رہیں اور مولانا سید نجیب الحسن زیدی صاحب کے ساتھ مل کر تبلیغ و ترویج دین میں کوشاں رہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں فرمایا کہ مولانا سید نجیب الحسن زیدی صاحب کے والد صاحب نے عرصہ دراز تک خوجہ مسجد میں امامت کے فرائض انجام دیے ہیں وہ آپ کے لئے نئے نہیں ہیں آپ لوگ انکے علم و فضل سے استفادہ کریں گے وہ ایک ممتاز و با اخلاق عالم دین ہیں یقینا انکی تقریروں اور انکے دروس سے آپ سبھی مستفید ہوں گے ۔

رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندہ حجہ السلام والمسلمین جناب آقای مھدوی پور کی تقریر کے اردو ترجمے کے فرائض دہلی سے تشریف لائے خطیب خوش فکر جناب حجہ السلام والمسلمین مولانا قمر حسنین صاحب نے انجام دیے ۔آخر میں جناب مھدوی پور نے مسجد کے تمام ٹرسٹیز کا انکی زحمتوں کے ساتھ حسن انتخاب پر شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .