حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، معراج عالم اور عید مبعث کے مبارک موقع پر پیروان ولایت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام وسطی ضلع بڈگام کے خندہ علاقے میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی جس میں علمائے کرام کے علاوہ عقیدتمندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس تقریب میں علمائے کرام نے فلسفہ معراج اور بعثت پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر مفصل روشنی ڈالی، روح پرور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیروان ولایت جموں وکشمیر کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے کہا کہ معراج اور بعثت رسول صلہ اللہ علیہ والہ وسلم میں انسانیت کے دروس کوٹ کوٹ کر بھرے ہوئے ہیں اور معراج کا عظیم الشان معجزہ پیامبر گرامی کی شان و منزلت فضائل وکمالات کا نمونہ ہے۔
سبط محمد شبیر قمی نے کہا کہ بعثت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم، جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں شمع فروزاں کی حیثیت رکھتا ہے اور اگر طول تاریخ تاریخ میں کہی پر انسانیت نظر آرہی ہے وہ اسی کی دین ہے انہوں نے کہا کہ روز بعثت یوم اخلاق اور حقوق بشری حقوق زن، عدل وانصاف، جہالت ظلم و بربریت کے خاتمہ کا دن ہے یہ مبارک دن تاریخ اسلام میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے. مولانا نے مبارک دن کے موقعے پرعالم اسلام کی کامرانی امن اتحاد اور اتفاق کے لئے دعا کیا. اس موقعہ پر پیروان ولایت کے صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے بھی خطاب کیا۔