۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
روزِ بعثت اور یوم تاسیس مجمعِ طلاب سکردو کی مناسبت سے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد

حوزہ/مجمع طلاب سکردو کی جانب سے عیدِ سعیدِ مبعث اور یوم تأسيس مجمع کی مناسبت سے مجمع کے دفتر میں ایک پروقار جشن منعقد ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روزِ بعثتِ پیغمبرِ اِسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ و سلم اور مجمع طلاب سکردو کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ایک عظیم الشان تقریب مجمع کے دفتر میں منعقد ہوئی جس سے استاد حوزہ علمیہ قم حضرت حجۃ الاسلام والمسلمین
سید حامد رضوی نے خطاب کیا۔

تفصیلات کے مطابق، جش کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کا شرف قاری فضل احمد صابری نے حاصل کیا، جبکہ منقبت خواں حضرات برادران نیاز فیاضی، محمد حسین ذاکری، بشارت امامی، فدا ذاکری اور حاجی اختر نے بارگاہ اہلبیت عصمت و طهارت علیہم السلام میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس پروقار جشن کی نظامت کے فرائض مجمع کے جنرل سیکرٹری برادر جعفر حسن سبحانی نے سرانجام دیئے۔

مجمع طلاب سکردو کے سابق صدر حجۃ الاسلام والمسلمين ڈاکٹر شيخ محمد نذیر عرفانی نے الوداعی خطاب کرتے ہوئے اپنی 4 سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

صدر محفل استاد حوزہ حضرت حجۃ الاسلام والمسلمین سید حامد رضوی نے سابق صدر اور کابینہ کے اراکین کی 4 سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے نئے میر کاروان حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ مبشر حسن مقدسی اور ان کی کابینہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

استاد حوزہ نے اپنے خطاب میں فلسفۂ بعثتِ رسول خاتم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ و سلم پر روشنی ڈالتے ہوئے آنحضرت کی ذاتِ مقدسہ کو اقوام عالم کے لئے اسوۂ حسنہ قرار دیا اور بعثتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ و سلم کو تمام انسانی معاشروں کے لئے خداوند متعال کی جانب سے ایک عظیم نعمت قرار دیا۔

انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ آج اگر دنیا میں ظلم و بربریت کا بازار گرم ہے تو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی سیرت اور تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے، کہا کہ اقوام عالم خصوصاً عالم اسلام کو چاہئے کہ وہ پیغمبر اسلام کی ذاتِ مقدسہ کو اپنے لئے اسوۂ حسنہ اور اتحاد و وحدت کا محور قرار دیں۔

تقریب کے آخر میں، استاد حوزہ علمیہ قم حضرت حجۃ الاسلام والمسلمین سید حامد رضوی نے مجمع کے نئے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ مبشر حسن مقدسی اور ان کی کابینہ سے حلف لیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .