حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس سے قبل 14 رمضان کو منعقد ہونے والی عظیم الشان آل پارٹیز کانفرنس کی دعوتی مہم کا آغاز کردیا گیا، اے پی سی میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن محمد حیدر نقوی نے المصطفیٰ ہاوس سے جاری کردہ بیان میں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا مقصد عالم اسلام کے مشترکہ مسئلہ یعنی مسئلہ فلسطین کے حق میں اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف، اور پاکستان سمیت عالم اسلام میں امریکی و صہیونی سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لئے تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو ایک چھتری تلے لانا ہے تاکہ فلسطین کے حق میں اور صہیونی و امریکی جنایت کاریوں کے خلاف پاکستان سے بھی ایک موثر آواز اٹھ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے پی سی کے حوالے سے دعوتی مہم کے پہلے مرحلہ میں آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے وفد نے ڈویژنل ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد رضوی کی سربراہی میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس بونیری اور سابق صدر کراچی بار ایسوسیشن حیدر امام رضوی سے ملاقات کی اور ان کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ دعوت قبول کرتے ہوئے دونوں حضرات نے آئی ایس او پاکستان کی جانب سے کی جانے والی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اپنی شرکت کی یقین دہانی بھی کروائی۔