حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے پچاسویں یوم تاسیس کے موقع پر ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے بانیان ایسے باشعور، باکردار اور بابصیرت لوگ تھے جو حالات کے تقاضوں سے آشنا اور اپنی الہی ذمہ داریوں کا درک رکھتے تھے۔عالم استکبار و طاغوت کے خلاف مادر وطن سے اٹھنے والی پہلی توانا اور بھرپور آواز آئی ایس او کی تھی۔اس جماعت نے نوجوانوں کو جرات ،حوصلہ، بے باکی و حق گوئی سکھائی۔
انہوں نے کہا کہ آمریت کی سختیاں ہوں یا جمہوری دور حکومت کی آڑ میں فرد واحد کا فرعونی طرز عمل آئی ایس او اپنے اہداف کے حصول کے لیے پورے عزم و حوصلے کے ساتھ منزل کی جانب رواں دواں رہی۔مشترکہ اہداف اور مشترکہ آرزوؤں کی تکمیل نظم و ضبط کے بغیر ممکن نہیں۔آئی ایس او کے اندر جو نظم وضبط موجود ہے وہی اس جماعت کی مقبولیت میں مسلسل اضافے کی وجہ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ آئی ایس او نے خط ولایت کو اپنے دل و جاں سے لگایا۔ دنیا کے مادہ پرست رہبروں سے اظہار برات کرتے ہوئے فقیہ عادل، نائب امام جامع شرائط کے پرچم تلے جمع ہوئے۔انہیں یہ فخر و اعزاز حاصل ہے کہ آج بھی فقہیہ عادل کا پرچم تھامے عالمی استکباری قوتوں کے خلاف ہر پلیٹ فارم ان کی آواز گونج رہی ہے۔