حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان کے صدر ڈاکٹر رام ناتھ کووند نے منگل کو عید الفطر پر ہندوستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے بعد منایا جانے والا یہ تہوار ، معاشرے میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا ایک مقدس موقع ہے ۔
انھوں نے کہا کہ میں اس مبارک موقع پر اپنے ہم وطنوں خاص طور مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ آئیے ہم سب اس مقدس موقع پر انسانیت کی خدمت اور ضرورت مندوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کا عہد کریں ۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی عیدالفطر کے موقع پر اپنے مبارکباد کے پیغام میں ملک میں بھائی چارے اور قومی اتحاد میں توسیع کی خواہش ظاہر کی ہے ۔
نریندر مودی نے جو یورپ کے دورے پر ہیں ، ٹوئٹر پر عید الفطر کی مبارکباد کا پیغام جاری کرکے کہا ہے کہ میں آرزو کرتا ہوں کہ اس مقدس موقع پر ہمارے معاشرے میں اتحاد و بھائی چارے کے جذبے میں اضافہ ہو۔
عید الفطر کے موقع پر ہندوستان کے دیگر رہنماؤں نے بھی مبارکباد کے پیغام جاری کئے ہیں ۔