حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان اور پاکستان میں آج جشن میلاد النبی (ص) بھرپور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ آج منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں گلیوں اور بازاروں کو دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے، نبی کریم (ص) سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے عاشقان رسول (ص) کی جانب سے مختلف تقریبات بھی منعقد کی جارہی ہیں۔
پاکستان میں حضور نبی پاکؐ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں قومی رحمۃ للعالمینؐ کانفرنس آج ہو گی۔ رواں سال کانفرنس کا موضوع ’’ ماحولیاتی آلودگی اور ہماری ذمہ داریاں سیرت النبیؐ کی روشنی میں‘‘ ہو گا۔
پاکستان کے صدر عارف علوی نے عید میلادالنبی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے حضور اکرم (ص) کی حیات طیبہ اور قرآن پاک کے پیغام کو دنیا بھرمیں عام کرنا ہو گا۔
پاکستان کے وزیراعظم نے اس موقع پرمبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ خاتم النبیین (ص) کی بے مثل تعلیمات رہتی دُنیا تک کے نظاموں اور انسانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔
اپنے پیغام میں پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدل و انصاف، معاشی و معاشرتی مساوات کا عملی نمونہ ریاست مدینہ کے طور پر موجود تھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی ممالک نے ریاستِ مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا، افسوس کی بات ہے کہ مسلم دُنیا اس سے رہنمائی لینے اور نظام کو اس کے تابع بنانے سے قاصر ہے۔
اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ریاست مدینہ کے تصور سے پوری طرح سے رہنمائی حاصل کریں۔
اُدھر ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے عید میلاد النبی کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں پیغمبر محمد (ص) کے یوم پیدائش پر منائے جانے والی عید میلاد یا میلاد النبی کے لئے تمام ہم وطنوں بالخصوص اپنے مسلم بھائیوں اور بہنوں کو پُرجوش مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
پیغمبر محمدؐ نے آپسی پیار اور بھائی چارے کا پیغام دیکر دنیا کو انسانیت کی راہ دکھائی۔ وہ مساوات اور میل جول پر مبنی سماج کی تعمیر کرنا چاہتے تھے۔ مقدس قرآن کریم میں مذکورہ پیغمبر محمدؐ کی تعلیمات کے مطابق آئیے ہم سب سماج کی خوشحالی اور ملک میں امن وسکون کے لئے کام کریں’’۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی روز عید میلاد النبی کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سبھی میں ہمدردی اور بھائی چارہ قائم رہے۔ نریندر مودی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ’میلاد النبی کی مبارکباد، امید ہے سبھی میں دردمندی اور بھائی چارہ قائم رہے، سبھی لوگ صحت مند اور خوش رہیں، عید مبارک۔
سحر عالمی نیٹورک بھی عید میلاد النبی (ص) اور ہفتہ وحدت کی اپنے تمام ناظرین، سامعین اور کرم فرماوں کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے۔