۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
علامہ عارف واحدی

حوزہ/ اٹک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس یو سی پاکستان کے مرکزی نائب صدر کا کہنا تھا کہ افسوس یہ کہ امت مسلمہ کے ایمان و محبت کا محور و مرکز مدینہ منورہ کے تقدس کا بھی خیال نہ رکھا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے ضلع اٹک کا دورہ کیا۔

اس موقع پر جنڈ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی رہنماء تہذیب اور شائستگی کے دامن کو تھامیں، جو مسلمانوں کی ثقافت ہے، جو اسلام کی تعلیمات ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ رمضان کا مقدس اور مبارک مہینہ، جو شائستگی سکھاتا ہے، ایک دوسرے کا احترام سکھاتا ہے، معنویت اور روحانیت کا مہینہ ہے، اس کے تقدس کو سیاستدانوں نے پامال کیا، جھوٹ اور تہمت میں گزارا۔

انہوں نے کہا کہ مزید افسوس یہ کہ امت مسلمہ کے ایمان و محبت کا محور و مرکز مدینہ منورہ کے تقدس کا بھی خیال نہ رکھا گیا، پھر جب پوری قوم عید سعید کی خوشیاں منا رہی تھی تو جو چینل کھولا ہر سیاستدان ایک دوسرے کے خلاف زہر اگل رہا تھا۔

علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ہم اپنے سیاسی رہنماؤں سے کیا سوال کرسکتے ہیں کہ یہ قوم اور خاص طور پر جوان آپ کو اپنا لیڈر سمجھتے ہیں، آپ ان کو کیا سکھا رہے ہیں؟ اور یہ آپ سے کیا سیکھ رہے ہیں؟ کیا آج کی مہذب اور پیشرفتہ دنیا میں زندہ رہنے کے یہی طور اطوار ہیں؟ کیا سیاسی نکتہ نظر میں اختلاف کو دشمنی بنا لینا کوئی شائستہ طریقہ ہے؟ ہم اپنے سیاسی رہنماؤں سے گزارش کرتے ہیں کہ یہ انداز ملک کی تباہی کا سبب ہے، آئیں سیاسی فرقہ واریت کو پس پشت ڈال کر باہمی رواداری اور مثبت انداز کو فروغ دیں، جو ملکی استحکام اور عزت و عظمت کا سبب ہے، ہم سب مسلمان ہیں، اسلام کی مقدس تعلیمات بھی یہی سکھاتی ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .