حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ بی جے پی کی مسلمان دشمن پالیسیاں پوری دنیا میں عیاں ہوگئی ہیں، بظاہر سیکولر کہلانے والا ملک درحقیقت اسلامو فوبیا کا شکار ہے، ہندوستان میں پر تشدد واقعات، اموری زندگی میں ہیڈ اسکارف اور برقعے کے خلاف امتیازی سلوک، عبادت کی آزادی اور مساجد کی بے حرمتی جیسے واقعات کو ایک منظم سازش کے تحت ہوا دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار دعا کمیٹی و ایم ڈبلیو ایم سندھ کی جانب سے محفل شاہ خراسان روڈ پر منعقدہ محفل میلاد بسلسلہ ولادت باسعادت حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور دسترخوان امام کے پروگرام سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی رہنما کی جانب سے رسول خداؐ کی ذات کو نشانہ بنانے کے عمل کی شدید الفاظ مذمت کرتے ہیں، اس بیان کے بعد عالم اسلام کے ساتھ پاکستان کے مسلمانوں میں بھی شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے شام میں اسرائیل کی جانب سے حالیہ بمباری کی بھی مذمت کی۔
دعا و محفل میلاد میں تلاوت قاری فصیح الحسن شیراز نے انجام دیئے جبکہ نظامت ناصر حسینی اور رضا جعفری نے کی۔ اس موقع پر شہر کے معروف شعراء، منقبت خواں حضرات ناصر آغا، ثاقب رضا ثاقب، نسیم الحسن زیدی، عاصم عباس عاصم، کمال امروہی، سید رئیس حیدر انصر، حسین موسیٰ، نقی لاہوتی، علی رضا جعفری، نایاب حسین، علی جلالوی، ظہیر رضوی، ہارون حسین، عرفان رضوی، شیراز زیدی، زوہیب حسن، شعیب مہدی نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
مقرریں نے امام علی رضا علیہ السلام کے زندگی اور حیات طیبہ پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کے اختتام پر امام رضاؑ کی ولادت کی خوشی میں دسترخوان منعقد کیا گیا، جس میں سماجی، سیاسی مذہبی شخصیات اور مومنین و مومنات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔