حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ملائیشیاء کی مشاورتی کونسل کے سربراہ محمد اعظمی عبدالحمید نے 36ویں بین الاقوامی اسلامی اتحاد کانفرنس کے مہمانوں کی ملاقات میں یہ بات کہی کہ عالم اسلام مشکل دنوں سے گزر رہا ہے اور اس وقت ہمیں نہ صرف اسلام کے دشمنوں کا سامنا ہے بلکہ ہمیں کچھ اسلامی ممالک سے بھی نمٹنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: مسلمانوں کو چاہیے کہ اپنے مسائل کا جواب قرآن کریم کی آیات میں تلاش کریں اور اس بات پر توجہ دیں کہ ہم مسلمانوں میں بہت سی مشترکات ہیں جیسے مسجد اقصیٰ، بیت الحرام، واحد قبلہ وغیرہ، لیکن بدقسمتی سے ہم اپنا اختیار کھو چکے ہیں۔
ملائیشیاء کی مشاورتی کونسل کے سربراہ نے کہا: ہم مسلمانوں کا فرض ہے کہ اپنی توانائیاں اور فنڈز جمع کریں۔ آج ہم دیکھتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام تر رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود ایٹمی ری ایکٹر اور اچھے وسائل اور فنڈز رکھتا ہے۔ اسلامی ممالک کے فنڈز جمع کر کے اچھے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا: آج ہمیں معیشت، دفاع وغیرہ کے تمام شعبوں میں امت اسلامیہ کے اتحاد کو وسعت دینا چاہیے اور ہمیں دوسروں کی ترقی کا انتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ ہمیں اپنے ذہن کو کھول کر آگے بڑھنا چاہیے۔