حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران کے شہر اہواز میں دارالقرآن الکریم کی افتتاحی تقریب میں صوبہ خوزستان سے ایرانی ایکسپرٹس اسمبلی (مجلس خبرگان) کے ممبر حجۃ الاسلام و المسلمین محسن حیدری نے شرکت کی۔
اس تقریب میں حجت الاسلام و المسلمین محسن حیدری نے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمۃ الزھراء سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی مناسبت سے تعزیت و تسلیت عرض کرنے کے بعد قرآن مجید کی آیات اور احادیث نبوی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: قرآن کریم وہ نور ہے کہ جسے خداوند متعال نے انسانوں کی زندگیاں نورانی کرنے کے لئے نازل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: قرآن مجید کا نور بصیرت آور ہے اور بابصیرت شخص میں خیر کو شر سے تمیز دینے کی طاقت موجود ہوتی ہے۔ وہ اپنی بصیرت اور نور قرآن کی روشنی میں قدم بڑھاتا ہے اور خوش بختی اور دنیاوی زندگی اس کا مقدر ٹھہرتی ہے۔
جمہوریہ اسلامی ایران کی ایکسپرٹس اسمبلی کے ممبر نے کہا: قرآن مجید کا نور صرف مکتب اہل بیت علیہم السلام میں جلوہ گر ہوتا ہے اور جو افراد اہلبیت علیھم السلام سے ہٹ کر نور قرآن تک پہنچنا چاہتے ہیں وہ اپنی خواہش کے مطابق قرآن کریم کی تفسیر کرتے ہیں لہذا ان افراد کے حصے میں گمراہی اور تاریکی کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔
حجت الاسلام والمسلمین حیدری نے آخر میں دارالقرآن کی بنیاد رکھنے والے مخیر شخص کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: آپ کا یہ عملِ خیر دوسروں کے لئے بھی نمونہ ہے۔
آپ کا تبصرہ