حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لداخ یونین ٹیریٹری کے ضلع کرگل کا اہم مذہبی، سماجی وفلاحی تنظیم امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے شعبہ صحت باقریہ ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ سینٹر کو وسیع عوامی خدمات اور صحت عامہ کے میدان میں عوام کی بے لوث خدمات کے صلے میں یوٹی انتظامیہ کی طرف سے ریاستی سطح کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
لیہ میں ایک پروقار تقریب کے دوران لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھور نے ادارے کو توصیفی سند اور تمغے سے سرفراز کیا۔ ادارہ کے صدر ڈاکٹر احمد علی نے یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ ان کے ہمراہ سیکرٹری ولایت علی میر بھی تقریب میں موجود رہے۔
ایوارڈ تقریب سے کرگل واپسی پر کثیر تعداد میں مومنین اوررضاکاروں کے علاوہ مرکزی ادارے کے زعماء نے پشکم کے مقام پر انعام یافتہ ادارے کے سربراہان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس کے بعد گاڑیوں کے قافلے کے ذریعے انہیں مرکزی دفتر تک لایا گیا جہاں پر باقریہ کے صدر اور دوسرے اراکین کے اعزاز میں امام خمینی میموریل ٹرسٹ نے ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا جس میں ادارے کے مرکزی مجلس عاملہ اور ذیلی اداروں کے سربراہان کے علاوہ عام لوگوں کے کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مرکزی ادارہ کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد حسین پشکم نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ باقریہ کے سابق صدر اور ماہر معالج ڈاکٹر ولایت علی نے باقریہ کے مختلف خدمات کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی ادارہ اور بانئ موسسہ مرحوم حجت الاسلام شیخ محمد حسین ذاکری کو یہ پلیٹ فارم مہیا کرانے پر شکریہ ادا کیا۔ اور ان کی اس عظیم خدمت کو ناقابل فراموش قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے باقریہ کے صدر ڈاکٹر احمد علی نے اس انعام و اکرام کو ادارے کے لئے باعث فخر قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ باقریہ کا مشن اور خدمات انعام سے زیادہ اہم ہے جس کے لئے انہوں نے رضاکاروں کے تعاون کو انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ کے گورنر نے باقریہ کے خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے مزید خدمات جاری رکھے جانے کی امید ظاہر کی ہے۔ انہوں نے رضاکاروں کے جانفشانی اور دلجمعی کو مثالی قرار دیتے ہوئے ادارے کو مزید فعال بنانے کی امید کی ہے۔
اس تقریب سے مرکزی ادارے کی امور مذہبی کے وائس چیرمین حجت الاسلام شیخ بشیر شاکر نے بھی خطاب کیا جبکہ نگران کونسل کے چیئرمین حجت الاسلام والمسلمين شیخ محمد محقق نے اپنے صدارتی خطاب میں اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے باقریہ کے تمام اراکین،ڈاکٹروں، نیم طبی عملے اور رضاکاروں کی قدردانی کی۔ انہوں نے باقریہ کے اراکین کو روایتی چفیہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر چیرمین امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل حجت الاسلام و المسلمین حاج آقائے شیخ صادق رجائ نے نئی دھلی سے اپنے ایک تحریری پیغام میں باقریہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے تنظیم کے طبی خدمات کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ باقریہ ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ سینٹر امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کا طبی شعبہ ہے اور یہ ادارہ اپنے قیام کے بعد سے تاحال خطے میں عام لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کررہا ہے۔
ادارہ نے ضلع کرگل میں پچھلے کئی سالوں سے پھیل رہے ہیپاٹائٹس بی کے موذی بیماری کی بیخ کنی کے لئے پورے ضلع میں ایک ویکسین کاری مہم چلا کر پوری آبادی کو اس مہلک بیماری سے نجات دلانے میں انتہائی جان فشانی سے کام کیا ہے۔ اس مہم سے سرکار اور عوام دونوں نے راحت محسوس کیا ہے۔ اس کے علاوہ ادارہ ہر اتوار کو رضاکار ڈاکٹر وں، نیم طبی عملے اور خود جوش رضاکاروں کی مدد سے مفت علاج کا اہتمام کرتا ہے جس سے سینکڑوں عوام کو علاج و معالجہ کے سہولیات میسر ہوتی ہے۔
باقریہ ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ سینٹر نے کووڈ ۱۹ وبائی صورتحال میں بھی حکام کے شانہ بشانہ اپنے خدمات فراہم کرکے اس وبائی بیماری سے خطے کو پاک کرنے اور لاک ڈاون کے دوران گھر گھر جاکر ضرورت مندوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرانے میں انتہائی موثر کردار ادا کیا تھا۔
ادارہ کی جانب سے اب خطے کے خواتین کو ماہواری اور اس کے مختلف احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی دلانے کی ایک اور مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت تمام خواتین کو ماہواری کے دوران اپنانے والی تدابیر کے متعلق آگاہی دلائ جارہی ہے۔
باقریہ ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ سینٹر کی جانب سے ضلع میں وقتاً فوقتاً مختلف طبی کیمپوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جہاں لوگوں کو مفت طبی سہولیات اور علاج و معالجہ فراہم کیا جاتا ہے۔ جبکہ شہرمیں ادارہ کی طرف سے قیام کردہ ڈائگناسٹک لیبارٹری میں لوگوں کے لئے انتہائی رعایتی داموں پر مختلف قسم کے ٹیسٹ سہولیات بھی مہیا رکھا گیا ہے۔دوسری جانب اس ادارہ نے سرینگر و دیگر بڑے شہروں کے ہسپتالوں تک مریضوں کی ہنگامی رسائی کے لئے ایمبولینس خدمات بھی میسر رکھا ہے۔
امام خمینی میموریل ٹرسٹ کی جانب سے اس طبی مرکز کے قیام سے خطے میں ایک صحت مند سماج کی امیدیں مزید روشن ہوگئی ہیں جس کے صلے میں صوبائی انتظامیہ کی جانب سے ریاستی ایوارڈ سے نوازا ہے۔