۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
مولانا مسرور عباس انصاری

حوزہ/ ان عظیم شخصیات نے اسلام اور انسانیت کو اپنی لازوال قربانیوں کے بدولت جو عزت و وقار عطا کیا وہ تا روز آخر افق عالم پر چودھویں چاند کی طرح چمکتا رہے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/ اہلبیت پیغمبر اکرم کے تین انوار تابناک، فاتحین کربلا، سالار شہدا حضرت امام حسین(ع)، باب الحوائج حضرت ابوالفضل العباس (ع) اور سید ساجدین حضرت امام زین العابدین (ع) کے ایام ولادت باسعادت کے سلسلے میں الزھرا اسلامک سینٹر بالی ہیرن پٹن کے اہتمام سے مدینہ پبلک اسکول بالی ہیرن میں ایک عظیم الشان محفل نور منعقد ہوئی جس میں عاشقان امامت و ولایت کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ علمائے کرام، دانشور حضرات اور شعرائے اہلبیت نے شرکت کی۔

اس روح پرور محفل میں شعرائے کرام اور دانشوروں کے علاوہ اتحاد المسلمین کے جنرل سیکریٹری سید مظفر رضوی، نائب صدر آغا سید یوسف رضوی، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد رضوی، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید اعجاز رضوی اور اتحاد المسلمین کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے اپنے ذریں خیالات کا اظہار کیا۔

علمائے کرام و دانشور حضرات نے یک زبان ہوکر فاتحین کربلا کو عالم بشریت کے لئے نمونہ کامل قرار دیا اور کہا کہ ان عظیم شخصیات نے اسلام اور انسانیت کو اپنی لازوال قربانیوں کے بدولت جو عزت و وقار عطا کیا وہ تا روز آخر افق عالم پر چودھویں چاند کی طرح چمکتا رہے گا۔

تقریب کے اختتام پر جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے عاشقان امامت کے مجمع سے مدلل اور ولولہ انگیز خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شریعت محمدی (ص) کے عظیم سپہ سالاروں کا جشن منانے کا اصل ہدف یہی ہے کہ دنیا کو اس بات کا احساس دلایا جائے کہ اگر اسلام اور انسانیت زندہ وجاوید ہے وہ فاتحین کربلا کی عدیم المثال قربانیوں کی بدولت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سالار حریت، پاسدار شریعت حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اہل وعیال نے میدان کربلا میں حریت پسندی، بہادری، جرائت اور مزاحمت کا درس دیا جس کا ثمرہ دنیا بھر میں مسلسل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ آج کی تاریخ میں ظالم قوتوں اور جابر حکومتوں کے خلاف پیروان امام حسین (ع)نے بڑے پیمانے پر محاذ کھولے ہیں اور الحمد للہ حریت پسندوں کو ہر محاذ پر کامیابیاں قدم چوم رہے ہیں جس کی زندہ مثالیں سید حسن نصراللہ کی زیر قیادت حزب اللہ اور رہبر انقلاب کی قیادت والا جمہوری اسلامی ایران ہے۔

انہوں نے کہا کہ ھیھات من الذلہ حسینیت کا شعار ہے اور ہمیں بھی چاہئے کہ کسی بھی صورت میں ذلت برداشت نہ کریں بلکہ سر اٹھا کر چلنے کا سلیقہ سیکھا جائے۔مولانا نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام اور ابوالفضل العباس علیہ السلام ولی اور وفاداری کا اعلیٰ نمونہ ہے ہمیں چاہئے کہ ولی سے وفا کرنا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام سے سیکھا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .