حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش کے حکام نے آج (پیر) کو اعلان کیا کہ ملک کے جنوب مشرق میں واقع روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپ میں کل خوفناک آگ لگنے کے بعد تقریباً 12,000 افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، آگ لگنے کا یہ حادثہ دنیا کے سب سے بڑے مہاجر کیمپ "کوتوپالونگ" میں بگڑتے ہوئے حالات کے درمیان پیش آیا جس میں تقریباً 10 لاکھ پناہ گزین موجود ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق، آگ جو اتوار کی سہ پہر تقریباً ۲ بجے شروع ہوئی اور اس نے بانس اور ترپال سے بنے کئی ہزار پناہ گاہوں کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں اور اسکولوں جیسی سہولیات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آخر کار تقریباً شام 5 بجے تک روہنگیا اور بنگلہ دیشی فائر فائٹرز آگ پر کنٹرول پانے میں کامیاب ہو گئے۔
اس واقعے کے نتیجے میں کچھ رہائشیوں کو معمولی چوٹیں آئیں تاہم پیر کی سہ پہر تک اس واقعے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے اور آگ لگنے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو پائی ہے۔
واضح رہے کہ 2021 میں بھی بڑے پیمانے پر آگ لگنے کے بعد روہنگیا کیمپ میں 50 ہزار سے زائد پناہ گزین بے گھر ہوئے اور 15 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔