حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الپارلیمانی یونین کی 146ویں بین الاقوامی کانفرنس اس وقت بحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقد کی جا رہی ہے جس میں ایران کا پارلیمانی وفد بھی شامل ہے۔ ملاقات کے دوران ایرانی پارلیمانی وفد نے بحرینی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات اور گفتگو کے بعد کہا کہ بحرین نے ایران کے ساتھ اپنے سیاسی اور سفارتی تعلقات کی بحالی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ایران کے پارلیمانی وفد کے سربراہ مجتبیٰ رضا خان نے بحرین کی کونسل آف ریپریزنٹیٹوز کے سربراہ احمد بن سلمان المسلم کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ منامہ نے تہران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی اور دونوں ملکوں کے سفارتخانوں کو دوبارہ کھولنے پر اصرار کیا ہے۔
ایران کے پارلیمانی وفد کے سربراہ نے کہا کہ بحرینی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے ملک کے اعلی حکام کی جانب سے ایرانی صدر اور پارلیمنٹ کے اسپیکر کو اپنے ملک کے دورے کی دعوت دی ہے۔ اس ملاقات میں بحرینی پارلیمنٹ کے سربراہ نے منامہ سے دارالحکومت تہران، شیراز، مشہد اور اصفہان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا، ایرانی پارلیمانی وفد نے بھی ملاقات کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے وفد سے ملاقات کی اور پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد ایرانی وفد کے سربراہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وفد نے آئندہ پانچ سالوں میں ایران کے ساتھ تجارتی لین دین کو 80 ارب ڈالر تک بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔