حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ بلوچستان کے زیر انتظام مرکزی امام بارگاہ و مدرسہ امام صادق (ع)، ڈیرہ مراد جمالی میں محرم الحرام میں مجالس عزاء اور جلوس عزاداری کے سلسلے میں درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس، شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ بلوچستان کے صدر علامہ محمد آصف حسینی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں اندرون بلوچستان کے علماء، خطباء، واعظین، مساجد و امام بارگاہوں، مجالس و جلوس ہائے عزاء کے بانیان، متولیاں، منتظمین،لائسنسداران، عزاداران، ماتمی و نوحہ خوان حضرات، بزرگان، عمائدین، ضلعی و تحصیل ذمہ داراں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اسی طرح کوئٹہ سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی و صوبائی وفد، مرکزی نائب صدر مولانا اکبر حسین زاہدی، صوبائی صدر مولانا محمد آصف حسینی، مولانا دبیر حسین سروری، مولانا سید موسی اخلاقی، مولانا عارف حسین موسوی، سید سکندر شاہ اور سید اعجاز زیدی نے بھی شرکت کی۔
اندرون بلوچستان سے مولانا مشتاق حسین عمرانی، مولانا عبدالرسول چانڈیو، مولانا علی اصغر عرفانی، مولانا امجد حسین محسنی، مولانا غلام مصطفی عابدی، مولانا عبدالماجد جوادی، مولانا اورنگزیب مگسی، مولانا محمد رضا مفکر، مولانا رحمت اللہ کھوسہ، مولانا فرید اللہ جمالی، مولانا محمد سچل صادقی، مولانا برکت علی ساقی، مولانا اختر علی رضوانی، مولانا عارف حسین عمرانی، مولانا غلام حیدر بلتستانی، مولانا تجمل عباس جعفری، مولانا قمر عباس، مولانا سید خادم حسین شاہ، بزرگ رہنما زوار بابو عبدالرحمن چھلگری، سردار علی جان مگسی، سید قادر شاہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں علماء کرام، بانیان، متولیاں اور لائسنس داران نے عزاداری میں درپیش مشکلات و مسائل کی طرف متوجہ کیا اور ان نکات کو صوبائی ذمہ داران نے اپنے پروگرام میں شامل کیا۔ عزاداری کے حوالے سے پیش آنے والی مشکلات اور محرم الحرام کے دوران مسائل و مشکلات کے حل اور روابط کیلئے صوبائی صدر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں ذمہ داران شامل ہیں۔
مرکزی نائب صدر علامہ اکبر حسین زاہدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: الحمدللہ ہماری قیادت نے اتحاد امت کے ذریعے ملک میں امن و وحدت، بھائی چارگی کو فروغ دیا ہے اور ملک کے استحکام کیلئے اور اس کی بقا کیلئے بالاتر کردار ادا کیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عزاداری سید الشہداء(ع) اور عقائد تشیع کے تحفظ کیلئے بھی بنیادی کردار ادا کیا ہے جس کی مثال لانا مشکل ہے، ملک میں کہیں بھی عزاداری، مجالس و جلوس ہائے عزاء کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے وہاں تک قیادت کی آواز پہنچتی ہے اور قیادت کے نمائندے وہاں پہنچتے ہیں اور مسائل کو حل کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیادت کے زیر سایہ قومی جماعت نے ہی ہر میدان میں اور ہر مشکل میں رہنمائی کی ہے اور ملت کو مشکلات میں ڈالنے کے بجائے مشکلات سے نکالنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں جس کے اثرات ملاحظہ کئے جا سکتے ہیں۔
صوبائی صدر علامہ محمد آصف حسینی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم جہاں کے بھی ہوں، جس تنظیم سے بھی ہوں ہم سب کا درد ایک ہے اور ہم سب کی منزل ایک ہے کیونکہ ہم سب حسینی ہیں، الحمدللہ ہم سب حسینیوں کے محبوب قائد علامہ سید ساجد علی نقوی ہیں جن کی آواز پر لبیک کہنا اور ان کے حکم کی پاسداری کرنا پوری ملت کے فرائض میں شامل ہے۔
ہم عزاداری سید الشہداء(ع) کا تحفظ چاہتے ہیں اور معاشرے میں امن و محبت کو فروغ دینا چاہتے ہیں تو قیادت کی اطاعت کریں اور باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک آواز بنیں اور تنظیمی فعالیت کو تیز تر کریں اور قائد محترم کے پیغام، ان کے کردار اور ان کی جدوجہد کو عوام تک پہنچائیں۔
ان کے علاوہ مولانا سید موسی اخلاقی، مولانا دبیر حسین سروری، مولانا مشتاق حسین عمرانی اور دیگر علمائے کرام، عمائدین، متولیاں اور منتظمین نے بھی اظہار خیال کیا۔
آخر میں اجلاس کا اختتام دعائے سلامتی امام زمان عجل سے ہوا، مولانا سید موسی اخلاقی نے مراجع عظام، علماءکرام اور قائد محترم کی صحت و سلامتی کی دعا کے ساتھ ساتھ، اجلاس کے انعقاد میں برادران کی کاوشوں کی قبولیت کیلئے، تمام مومنین کی جملہ حاجات کیلئے بھی دعائیں کی۔