حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی ضلع رکنی بلوچستان کے دورے پر پہنچے اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر حاجی غلام عباس کھیتران نے انہیں ضلع میں مؤمنین کے مسائل اور تنظیمی فعالیت سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ ماہ محرم الحرام میں نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی مجالس اور ذکر عظیم عبادت ہے۔ ہم برادران اہل سنت کو کھلے دل سے دعوت دیتے ہیں کہ وہ مجلس حسین علیہ السلام میں شریک ہوں، کیونکہ امام حسین علیہ السلام کسی ایک فرقے کے نہیں، بلکہ انسانیت کے رہبر و رہنما ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے کشمیر سے کراچی تک ملت جعفریہ کو ایک لڑی میں پرویا ہے۔ بلوچستان عاشقان اہل بیت کی دھرتی ہے جنہوں نے حسینیت کی راہ میں اپنا لہو دیا ہے۔
اس موقع پر علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے طول و عرض میں بسنے والے مؤمنین سے رابطے میں ہے اور ملت کی ہر محاذ پر رہنمائی کر رہی ہے۔