۱۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۵ شوال ۱۴۴۵ | May 4, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ / علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال اور حالیہ ہونے والی دہشت گردی کی کاروائیوں کی روک تھام کے سلسلہ میں ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ سے ملاقات کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال اور حالیہ ہونے والی دہشت گردی کی کاروائیوں کی روک تھام کے سلسلہ میں ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے تجویز دی کہ ہزارہ پولیس کی ڈیوٹیز اپنے ایریاز میں لگائی جائیں جبکہ بروری تھانے کا ایریا وسیع اور تھانے میں نفری کم ہے۔ جس میں مناسب اضافہ کیا جائے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔

رپورٹ کے مطابق علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں تنظیمی وفد نے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اعتزاز گورایہ سے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی صدر عزاداری ونگ محمد رضا، ضلعی نائب صدر آغا سید ضیاء اور ضلعی سیکرٹری تنظیم سید زمان شامل تھے۔

دہشتگرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا: کوئٹہ میں ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کی وارداتوں میں شیعہ ہزارہ پولیس کے جوانوں کا قتل لمحہ فکریہ ہے۔ دہشت گرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ کوئٹہ میں دیرپا امن کا قیام ضروری ہے۔ ایم ڈبلیو ایم قیام امن کے سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

ڈی آئی جی اعتزاز گورایہ نے کہا: دہشت گردی کے ناسور کے مقابلے اور قیام امن کے لئے پولیس اور عوام کا باہمی تعاون ضروری ہے۔ پولیس کی وردی پہننے کے بعد ہم پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کی سنگین ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ جو ہم پوری ذمہ داری سے ادا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شہید جوانوں کے قاتلوں کو بے نقاب کرتے ہوئے مجرموں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ نے وفد کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کرائی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .