حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ بلوچستان کے زیر اہتمام مسجد و امام بارگاہ امام زمانہ (عج) میں صوبائی تحفظ عزاداری کانفرنس اور چہلم شہدائے پارا چنار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، سابقہ صوبائی صدر علامہ برکت علی مطہری، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی صدر عزاداری ونگ محمد رضا ہزارہ، صدر بلوچستان شیعہ کانفرنس حاجی جواد رفیعی و دیگر نے خطاب کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: کربلا کے مقصد کو سمجھنے کے لئے ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کے خطبات اور خطوط کا بغور مطالعہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا: امام حسین علیہ السلام نے اپنی تحریک کے دوران لوگوں کو کتاب خدا، قرآن کریم اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف دعوت دی۔ عزاداری تحریک کربلا کے تسلسل کا نام ہے جو ہر دور کی یزیدیت کے خلاف حق کی آواز ہے۔
محمد رضا ہزارہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: ایام عزاء کے دوران شعبہ عزاداری بلوچستان بھر میں اپنی خدمات سر انجام دے گا۔
علامہ سید ظفر عباس شمسی نے اپنے خطاب کے دوران کہا: غدیر کو بھلانے کے سبب کربلا بپا ہوئی۔ سر زمین بلوچستان عاشقان اہل بیت کی سرزمین ہے۔ جنہوں نے اپنے پاکیزہ لہو سے تشیع کی حفاظت کی۔