حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی امام بارگاہ ڈھاڈر بلوچستان پاکستان میں عید الاضحی نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی اور عید کی نماز مولانا ذوالفقار علی سعیدی کی اقتداء میں ادا کر دی گئی۔
نماز عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلسِ علمائے مکتب اہلبیت علیہم السّلام بلوچستان پاکستان کے صوبائی نائب صدر مولانا ذوالفقار علی سعیدی نے کہا کہ عید قربان، سنت ابراہیمی کی یاد تازہ کرتے ہوئے دین مبین اسلام کی سربلندی کی خاطر اپنی نفسانی خواہشات کو رضائے خدا کیلئے قربان کرنے کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ عید کے دن غریب اور نادار مؤمنین کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں ہمارے معاشرے میں غریب اور نادار لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد رہتی ہے ہماری عید اس وقت رضائے خدا کے حصول کا سبب بنتی ہے جب ہم ان محروم طبقوں کو اپنی خوشیوں میں برابر کا شریک سمجھیں اور ان کے مرجھائے ہوئے چہروں پر مسکراہٹ بکھیریں اور ان کی حتی المقدر مدد کریں۔