۱۲ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۲ شوال ۱۴۴۵ | May 1, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا کہ عید کا دن سارے عالم اسلام کے لیے متبرک اور سعادتوں بھرا دن ہے، برکتوں بھرا یہ یوم عظیم قربانی، ایثار، اخلاص اور محبت کا تہوار ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید الاضحیٰ کے پر مسرت موقع پر اپنے تمام ہم وطنوں اور اہلِ اسلام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا دن سارے عالم اسلام کے لیے متبرک اور سعادتوں بھرا دن ہے، برکتوں بھرا یہ یوم عظیم قربانی، ایثار، اخلاص اور محبت کا تہوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید قربان ایام حج میں تعظیم اسلام کی نمایاں ترین نشانی ہے، یہ ایسی عید ہے جس میں تمام مسلمان عبودیت اور بندگی کے سایہ میں فرمان خدا وند متعال کی اطاعت کرتے ہیں، قرب خداوندی کا تقاضا اور ہمارا اخلاقی و دینی فریضہ ہے کہ ہم محروم و ضرورت مند طبقات کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹیں، بالخصوص ملک وملت کے شہداء کو خصوصی طور پر اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور انکے خانوادہ کے ساتھ اپنی خوشیاں شیئر کریں۔

مزید کہا کہ عید الاضحیٰ اطاعت خداوندی اور تسلیم ورضا کی بے مثال یادگار ہے، جسے مسلمین جہان ہر سال مذہبی جوش و خروش سے مناتے ہیں، اس قربانی کی اہمیت اور کیا ہو گی کہ جس کی وسعت میں ہر سال زیادہ اضافہ ہو رہا ہے، ہمیں اس لازوال قربانی کے پیش نظر تمام شعبہ ہائے زندگی میں ایثار کے جذبے کو فروغ دینا چاہیے، اس عظیم الشان دن کے صدقے میں دعا گو ہیں کہ خداوند متعال ہم سب کو حقیقی معنوں میں اپنے رب العالمین کو راضی کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ہم سب مسلمانوں کو حقیقی خوشیوں سے ہمکنار فرمائے اور راہ خدا میں سب کی قربانیوں کو شرف قبولیت عطا فرمائے، ہمارے وطن عزیز پاکستان کو ترقی واستحکام عطا فرمائے۔ آمین

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .