حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا: عید الاضحٰی کے پر مسرت موقع پر تمام مسلم امہ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔
انہوں نے کہا: عید الاضحی مسلمانوں کو اپنے ایمان اور ملک و ملت کیلئےبڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی صدر نے کہا: اپنی ذات کی نفی کرنا ہی قربانی کا اصل مفہوم ہے ۔حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے جذبہ قربانی اور اطاعت پروردگار کی جو مثال قائم وہ قیامت تک کے لیےمشعل راہ اور تسلیم و رضا کی یادگار مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہمیں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے اس عظیم موقع پر انفرادی مفادات کو بالاے طاق رکھ کر قومی اور ملکی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی اور ان لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہوگا جو انتہائی مشکل حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔عید قربان کے موقع پر فلسطین کے شہداء اور مظلومین کو ہر گز فراموش نہ کریں انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔