حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، وفاقی وزیر داخلہ پاکستان رانا ثنا اللہ خان نے عراق کے دورہ کے دوران اپنے وفد کے ہمراہ عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشماری بھی شریک تھے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں دفاع اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستانی شہریوں کی کثیر تعداد زیارات کے لیے عراق کا رخ کرتے ہیں۔
اس دوران عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے پاکستانی زائرین کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی جب کہ زائرین کے لیے اربعین کے دوران کوٹہ 50 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
عراقی وزیر اعظم نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو الیکٹرانک ویزا کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ معمولی جرائم اور زائد قیام پر عراقی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی یقینی بنانے کے لیے بھی وزارت انصاف کو ہدایات دیں۔