حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفترِ مجمع طلاب سکردو سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہم نائبِ امام جمعہ جامع مسجد سکردو اور انجمنِ امامیہ بلتستان پاکستان کے صدر جناب حجۃالاسلام والمسلمین سید باقر الحسینی کے خلاف جاری سازش کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
مجمع طلاب سکردو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا ہے کہ سید باقر الحسینی بلتستان کا عظیم سرمایہ ہے اور ان کے اقدامات، بالخصوص بلتستان میں بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے میں بنیادی کردار اور گلگت بلتستان میں امن و امان قائم کرنے کے سلسلے میں ان کی مخلصانہ کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا ہے کہ متنازعہ ترمیمی بل کی آڑ میں ملک عزیز پاکستان بالخصوص بلتستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے دہشت گرد عناصر کی طرف سے آغا سید باقر الحسینی کے خلاف ایف آئی آر کیلئے دی گئی درخواست کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور فی الفور ان شرپسند عناصر کو وطن عزیز کی سالمیت کو نقصان پہنچانے سے روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
مجمع طلاب سکردو مقیم قم المقدسہ ایران