۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ جہانزیب

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر نے پارا چنار کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاراچنار میں کشیدگی،مقامی انتظامیہ نے متعصبانہ رویہ اپناتے ہوئے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین صوبۂ خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے دیگر صوبائی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارہ چنار ضلع کرم کا مسئلہ سنگین صورت حال اختیار کر چکا ہے، ریاست کئی روز سے جاری اس خطرناک لڑائی کو روکنے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے، بلکہ یوں کہا جائے کہ مقامی انتظامیہ نے متعصبانہ رویہ اپناتے ہوئے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جس کی وجہ سے روزانہ بے گناہ افراد قتل ہو رہے ہیں، پارہ چنار پاکستان کا بارڈر ایریا اور حساس ترین علاقہ ہے جس پر سرحد پار سے کئی مرتبہ لشکر کشی اور میزائلوں کے حملے ہو چکے ہیں، اس وقت بھی چاروں اطراف سے پارہ چنار محاصرے میں ہے،حکومت کو سنجیدگی کے ساتھ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حالات کو کنٹرول کرنے کے عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کے نقصان سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے محب وطن پاکستانی عوام آخر کب تک اس وحشیانہ دہشت گرد کارروائیوں کا نشانہ بنتے رہیں گے, تری منگل سکول میں قتل کیئے گئے اساتذہ کے قاتلوں کو اب گرفتار کیوں نہیں کیا گیا، علاقے میں شر پسندی اور تعصبات کو ہوا دینے والے شریر عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں پس وپیش سے کام کیوں لیا جاتا ہے، ٹل پارہ چنار روڈ پارہ چنار کے پرامن عوام کے لیے واحد راستہ ہے جسے مزیدچیک پوسٹوں کے ذریعے محفوظ بنانا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری بنتی ہے، تکفیری سوچ پر مبنی ملک دشمن اور علاقے کے پر امن فضاء کو سبوثاز کرنے والوں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .