۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم نے کہا کہ قرآن کریم اور سنت میں اتحاد امت کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔ اتحاد انبیاء کرام علیہم السلام کا پیغام، جبکہ تفرقہ شیطانی عمل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جیکب آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اتحاد انبیاء کرام علیہم السلام کا پیغام، جبکہ تفرقہ شیطانی عمل ہے۔ آئمہ معصومین علیہم السلام کی سیرت طیبہ میں اتحاد بین المسلمین کے اعلی نمونے نظر آتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جیکب آباد میں اصغریہ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کی ایک تقریب سے "سیرت معصومین علیہم السلام میں اتحاد امت کی اہمیت" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا ڈویژنل اجلاس "سیرت معصومین علیھم السلام و اتحاد امت" کے عنوان سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال جیکب آباد میں منعقد ہوا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم اور سنت میں اتحاد امت کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔ اتحاد انبیاء کرام علیہم السلام کا پیغام، جبکہ تفرقہ شیطانی عمل ہے۔

قرآن کریم امت مسلمہ کو اللہ کی رسی کے گرد جمع ہونے کا حکم دیتا ہے۔ آئمہ معصومین علیہم السلام کی سیرت طیبہ میں اتحاد بین المسلمین کے اعلی نمونے نظر آتے ہیں۔ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے درس میں تین ہزار اہل سنت علماء و فقہاء شریک ہوتے تھے۔ جنہیں آئمہ اہل بیت علیھم السلام کی جانب سے علم و ہدایت کے ساتھ ساتھ احترام بھی ملتا تھا۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ فلسطین حق و باطل کا معرکہ ہے۔ آج فلسطین مظلوم پر اسرائیلی و امریکی جارحیت نے امت مسلمہ اور اہل حق میں قربتیں پیدا کر دی ہیں۔ آج اسلام دشمن سامراجی قوتوں کے افتراق و انتشار پر مبنی تمام تر سازشیں ناکام ہو رہی ہیں اور امت مسلمہ میں اتحاد بین المسلمین کی فضا کو فروغ مل رہا ہے۔ اس موقع پر اصغریہ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کے ڈویژن اور ضلعی صدور کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ نو منتخب ڈویژن کابینہ و ضلعی صدور سے علامہ مقصود علی ڈومکی نے حلف لیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .